Afghanistan fight back to storm into the next round

شارجہ: افغانستان شارجہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں گروپ بی کے ایک اہم میچ میں بنگلہ دیش کو7وکٹ سے شکست دے کر سوپر 4 کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گیا۔افغانستان کی اس جیت کا سہرا مجیب الرحمٰن اور راشد خان کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنی تباہ کن بولنگ سے فی کس 3وکٹ لے کر بنگلہ دیش کو مقررہ20اووروں میں 7وکٹ کے نقصان پر محض127رنز پر روک دیا۔

اگرچہ افغانستان کو بھی 128جیسے معمولی ہدف تک پہنچنے کے لیے سخت جدوجہد کرنا پڑی کیونکہ اس کے افتتاحی بلے بازوں نے بڑا مایوس کن اسٹارٹ دیا تھا اور ٹیم پہلے دس اووروں میں 2وکٹوں کے نقصان پر 48رنز ہی بنا سکی اور جب ڈیتھ اوور شروع ہوئے تو مڈل آرڈر بکھرابکھرا نظر آیا اور ٹارگٹ پہاڑ بنتا چلا گیا یہاں تک کہ صرف 5اوور رہ گئے اور ابھی 61رنز کا پہاڑ جیسا اسکور سر کرنا تھا۔ لیکن نجیب اللہ زدران چھکوں کی بارش کر کے کھل کا رخ ایسا پلٹا کہ محض چار اووروں میں ہی جیت کے لیے مطلوبہ61رن پورے کر دیے۔

ا ن کی اس جارحانہ اننگز میں ابراہیم زدران نے زبردست ساتھ نبھایا اور ان دونوں نے 5.3اووروں میں69رنز کی غیر مفتوح شراکت کر کے افغانستان کو 7وکٹ سے شاندار فتح دلا دی۔نجیب اللہ نے 17گیندوں پر ایک چوکے اور 6چھکوں کی مدد سے 43اور ابراہیم نے41گیندوں پر 4چوکوں کے ساتھ 42رنز بنائے۔

افتتاحی بلے باز حضرت اللہ زئی نے 26گیندوں پر تین چوکوں کے ساتھ23اور ساتھی افتتاحی بلے باز رحمٰن اللہ نے 18بالوں پر 11رنز بنائے۔قبل ازیںمجیب الرحمٰن اور راشد خان گگلی اور کیرم بال سے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو پریشان کرتے ہوئے قفہ وقفہ سے وکٹ لیتے رہے اور بنگلہ دیش یک قلیل اسکور پر ٹہرنے کی راہ پر جاتا رہا۔ مجیب کا جادو تو سر چڑھ کر بول رہا تھا انہوںنے اپنے پہلے تین اووروں کے ہر اوور میں ایک وکٹ لے کر بنگلہ دیش کی اننگز ایسی لڑکھڑائی کہ پھر وہ مصدق حسین کی31گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 48رنز کی اننگز سے سنبھل نہیں سکی۔اور ٹیم مقررہ20اوروں میں سات وکٹ پر 127رن ہی بنا سکی۔مجیب الرحمٰن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔