Two U.S. military planes loaded with 70 tons of relief aid for flood victims arrives in Sukkur

واشنگٹن:(اے یو ایس ) امریکہ کے دو فوجی جہاز کئی ٹن امدادی سامان لے کر پاکستان کے صوبہ سندھ میں پہنچ گئے ہیں تاکہ متاثرین سیلاب کی مدد کی جا سکے۔ سندھ حالیہ مون سون بارشوں کے بعد ہلاکت خیز سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے۔پاکستان میں شہری ہوا بازی اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ نے بتایا ہے کہ امریکہ کی طرف سے آنے والے ہر جہاز میں تقریباً 35 ٹن امدادی سامان موجود تھا جو اس صوبے میں عالمی ادارہ خوراک کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔ امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچنے والے جہاز سکھر ائر پورٹ اترے اور ترجمان کے مطابق امریکہ کی جانب سے جو امدادی آپریشن گزشتہ جمعرات کو شروع ہوا وہ 16 ستمبر تک جاری رہے گا۔

ماہرین پاکستان میں حالیہ غیر معمولی بارشوں اور سیلاب کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو قرار دیتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوتریس نے بھی گزشتہ ہفتے پاکستان کے دورے کے دوران دنیا کے ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ ماحولیاتی خطرات سے غفلت نہ برتیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو بڑے پیمانے پر امداد فراہم کرے۔سول ایوی ایشن کے ترجمان سیف اللہ نے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے بھی دو جہاز امدادی سامان لے کر کراچی پہنچ گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ کے اداروں اور دیگر کئی ممالک نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان بھجوایا ہے لیکن متحدہ عرب امارات نے سب سے زیادہ امداد فراہم کی ہے۔