Taliban to soon ban PUBG, TikTok in Afghanistan

کابل،(اے یوایس)دنیا بھر میں مشہور ویڈیو شیئر نگ ایپ ’ٹک ٹاک‘ اور گیم ’پب جی‘ پر افغانستان میں جلد طالبان کی جانب سے پابندی لگادی جائے گی۔ طالبان افغانستان میں اگلے تین ماہ کے دوران ’ٹک ٹاک‘ اور ’پب جی‘ پر پابندی لگانے کا ارادہ رکھتاہے۔ رواں سال اپریل میں طالبان کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ہم ٹک ٹاک‘ اور ’پب جی‘ تک لوگوں کی رسائی روکنے کا ارادہ رکھتے ہیں کیونکہ یہ دونوں ایپس نوجوانوں کو گمراہ کررہی ہیں۔

افغانستان میں حکومت نے ٹیلی کمیونیکیشن اور انٹرنیٹ فراہم کرنے والوں کو اس حوالے سے ہدایت پر عمل کرنے کا بھی کہہ دیا ہے۔ طالبان کے ترجمان انعام اللہ سمن گانی کے مطابق نوجوانوں کو گمراہی سے روکنے کے لئے’ٹک ٹاک‘ اور ’پب جی‘ پر پابندی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک اور پب جی پر 90روز کے اندر باقاعدہ پابندی عائد کر دی جائے گی۔رپورٹس کے مطابق اس سے قبل افغانستان میں 23 ملین ویب سائٹس کو بلاک کیا جاچکا ہے۔