Ten killed, 41 hurt in head-on collision between bus, mini-truck in Lakhimpur Kheri

لکھیم پور کھیری: (اے یو ایس ) اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں پیلی بھیت بستی ہائی وے پر شاردا پل کے نزدیک بدھ کی صبح بس اور ڈی سی ایم کے آمنے سامنے سے ٹکرا جانے سے10افراد ہلاک اور ایک درجن سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ لکھیم پور کھیری ضلع میں پیلی بھیت بستی ہائی وے پر شاردا ندی کے پل کے نزدیک صبح تقریباً 8:30 بجے پیش آیا۔ اس میں کھیری تھانہ علاقہ کے نگھاسن کے نزدیک مخالف سمت سے آنے والی بس اور ڈی سی ایم ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر سے بس کے پرخچے اڑ گئے۔ پرائیویٹ بس آپریٹر رودرا ٹریولس کی بس دھورہرا سے لکھنؤجا رہی تھی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فورس کو موقع پر بھیج کر فوری راحت اور بچا¶ کا کام شروع کر دیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بس میں سوار چھ مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ایک درجن سے زائد زخمیوں کو مقامی اسپتال بھیجا گیا جہاں چار دیگر مسافر دوران علاج دم توڑ گئے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق بس میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت اب تک نہیں ہو سکی ہے۔لکھنؤسے موصولہ اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ یوگی نے اس حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے سوگوار کنبوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی روح کو سکون کی پرارتھنا کی اور ضلع انتظامیہ سے راحت اور بچاؤ کا کام شروع کرنے اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد اور علاج فراہم کرنے کے لئے کہا ہے۔