Pope Francis to visit Bahrain in November

ویٹی کن سٹی:(اے یو ایس ) ویٹی کن نے اعلان کیا ہے کہ پاپائے روم پوپ فرانسس نومبرمیں بحرین کا دورہ کریں گے۔اس خلیجی ریاست میں جزیرہ نما عرب کا سب سے بڑا کیتھولک چرچ واقع ہے۔ویٹی کن نیوزکے مطابق 85 سالہ پوپ فرانسس خلیج فارس میں ملک کا دورہ کرنے والے پہلے پوپ ہوں گے۔پوپ گذشتہ کچھ عرصے سے گھٹنے کی شدید تکلیف میں مبتلا ہیں اور وہ چلنے پھرنے سے قاصر ہیں۔وہ ڈاکٹر کے مشورے پروہیل چیئراستعمال کرتے ہیں اورآزادانہ نقل وحرکت نہ ہونے کی وجہ سے انھوں نے بہت سی تقریبات منسوخ کردی ہیں۔پوپ فرانسس 3 سے 6 نومبر کا دورہ کریں گے۔

وہ دارالحکومت منامہ اورعوالی شہر جائیں گے اوربحرین فورم برائے ڈائیلاگ: مشرق اورمغرب پرامن انسانی بقائے باہمی میں شرکت کریں گے۔بطورپاپائے روم پوپ فرانسس کا 39 واں بین الاقوامی دورہ ہوگا۔اس دورے کی مزیدتفصیل بعد میں جاری کی جائے گی۔لیکن امکان ہے کہ پوپ عوالی میں لیڈی آف عربیہ کے کیتھڈرل کا دورہ کریں گے۔اس کے دروازے گذشتہ سال کھولے گئے تھے۔

جدیدطرزکایہ گرجاگھرریاست کے جنوب میں ایک جامع مسجد سے تقریباًایک میل (1.6کلومیٹر) اور تیل کے کنویں سے چندقدم کے فاصلے پر واقع ہے۔یہ گرجاگھر ملک کے 80ہزار یا اس سے زیادہ کیتھولک ورکروں،جن میں زیادہ تر ہندوستان اور فلپائن کے ہیں، کی خدمت کرنے کے لیے تعمیر کیاگیا تھا۔پوپ نے 2014 میں ویٹی کن میں بحرین کے بادشاہ شیخ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کا استقبال کیا تھا۔انھوں نے مشرق وسطیٰمیں امن اوراستحکام کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا تھا۔