Saudi Arabia increased self-sufficiency in military industries to 15% : Crown prince

ریاض:(اے یو ایس )سعودی وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ مملکت سعودیہ نے دفاعی شعبے میں اپنی خود کفالت کو دو فیصد سے بڑھا کر پندرہ فیصد کر لیا ہے۔ یہ بات انہوں نے وزارت دفاع کے دورے کے بعد کہی ہے۔ ولی عہد کے مطابق وزیر دفاع شہزادہ کالد بن سلمان کے زیر قیادت سعودی دفاعی خود کفالت کا ہدف50 فیصد ہے۔ جسے وزیر دفاع بہت تھوڑے عرصے میں دو فیصد سے پندرہ فیصد تک لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر ولی عہد سے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور وزارت کے دوسرے اعلیٰ حکام نے ملاقات کی اور انہیں وزارت میں جاری زیر عمل منصوبوں کے بارے میں بریف کیا۔اس موقع پر ولی عہد نے وازرت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا وزیر دفاع نے جس طرح دفاعی خود کفالت کی سطح 15فیصد کر لی ہے اسی طرح 50 فیصد تک کا ہدف بھی جلد پورا کر لیا جائے گا۔

دریں اثنا شہزادہ خالد بن سلمان نے اپنے ایک تویت کے ذریعے کہا ہے کہ ان کی بطور وزیر دفاع تعیناتی ان کے لیے بڑے اعزا ز کی بات ہے۔ جب سے ولی عہد نے مملکت کی قیادت سنبھالی ہے وزارت دفاع کو خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ولی عہد براہ راست چیزوں کا فالو اپ کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے دفاعی شعبے میں تیزی سے نتائج آرہے ہیں۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہم ولی عہد کے نقش قدم چلتے ہوئے وزارت دفاع کی صلاحیت میں اور اضافہ کریں گے۔ اسے ایک جدید ادارہ بنایا جائے گا اور پیشہ ورانہ قوت و اہلیت کو بڑھاتے رہیں گے۔