SP leader Mulayam Singh Yadav no more

نئی دہلی:معروف سوشلسٹ رہنما ،سماج وادی پارٹی کے بانی اور اتر پردیش کے تین بار وزیر اعلیٰ رہنے والے ملائم سنگھ یادو 82سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ملائم سنگھ المعروف نیتا جی کو 2 اکتوبر کو پیشاب کے انفیکشن، بلڈ پریشر کی پریشانی اورتنفس کے عارضہ کے باعث ہریاہ کے شہر گوروگرام میں واقع میڈانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہں ان کی حالت بتدریج نازک ہوتی چلی گئی ۔ ان کے کئی اعضا نے کام کرنا بند کردیا تھا۔ انہوں نے 9روز تک میدانتا کے انتہائی نگہداشت والے یونٹ (آئی سی یو) اور کریٹیکل کیئر یونٹ (سی سی یو) میں زندگی اور موت کی کشمکش کے بعد پیر کی صبح سوا آٹھ بجے آخری سانس لی ۔

گزشتہ کئی دنوں سے ملائم سنگھ کی صحت کو لے کر ملک بھر میں تشویش کا اظہار کیا جا رہا تھا۔نیتا جی کی موت کی تصدیق ملائم سنگھ یادو کے بیٹے اور یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی جانب سے سماج وادی پارٹی کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کی گئی۔ ٹویٹ میں لکھا ہے- ‘میرے قابل احترام والد نہیں رہے -ملائم سنگھ یادو کی موت کی وجہ سے ان کے حامیوں اور بلا لحاظ سیاسی ،مذہبی و سماجی جماعت اور مختلف سیاسی نظریات کے حامل سیاسی سماجی کارکنوں نے نیتا جی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔منگل یعنی (آج) شہر سیفئی میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسوم ادا کیے جائیںگے۔