India beats Sri Lanka to win seventh Asia Cup title

سلہٹ:(اے یو ایس) اسمرتی مندھانا کی دھماکہ خیز نصف سنچری (51 ناٹ آؤٹ) کی مدد سے ہندوستان نے ہفتہ کو ویمنس ایشیا کپ 2022 کے فائنل میں سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔سری لنکا نے ہندوستان کو 20 اوورز میں 66 رنز کا ہدف دیا جسے ہندوستان نے 8.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔یہ ویمنز ایشیا کپ کا آٹھواں مقابلہ تھا جب کہ یہ ہندوستان کی ساتویں جیت تھی۔

ہندوستان نے ون ڈے فارمیٹ میں چار بار اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تین بار خواتین کا ایشیا کپ جیتا ہے۔رینوکا سنگھ نے تین وکٹیں لے کرسری لنکا کی اننگز کی تباہی کا آغاز کیا جسے راجیشوری گایکواڈ اور اسنیا رانا نے دو دو وکٹیں لے کراس طرح انجام کو پہنچایا کہ سری لنکا کو پوری ٹیم کو 65 رنز پر ہی سمیٹ دیا۔

ہندوستان کو 66 رنز کے ہدف تک لے جانے کی کوشش میں شیفالی ورما (05) اور جمیمہ روڈریگز (02) آؤٹ ہو گئے، لیکن اسمرتی نے کپتان ہرمن پریت کور کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 36 رنز کی شراکت کے ساتھ ہندوستان کو آسان فتح دلائی۔ اسمرتی نے 25 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آ¶ٹ 51 رن بنائے جبکہ ہرمن پریت نے 14 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 11 رن بنائے۔