Cyclone Sitrang kills 35 in Bangladesh officials

ڈھاکہ: سیترانگ طوفان نے بنگلہ دیش کے جنوبی ساحلی علاقوں اور وسطی حصوں میں زبردست تباہی مچادی جس میں کم از کم35افراد ہلاک اور متعدد گھر تباہ ہو گئے جس سے لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے۔ بنگلہ دیش سے شائع ہونےوالے ایک بنگلا روزنامہ کے مطابق طوفان سے غیر سرکاری ذرائع کے مطابق 35افراد ہلاک او ر لاتعداد مکانات و بنیادی ڈھانچے زمین دوز ہو گئے ۔

علاوہ ازیں متعدد درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور مواصلاتی نظام مفلوج اور بجلی فراہمی درہم برہم ہوگئی۔منگل کے روز دور دراز کے علاقوں اور ساحلی مقامات کے متعدد اضلاع کے تقریباً10ملین رہائشی بجلی کے بغیر رہنے پر مجبور تھے۔ملک میں شدید بارشوں کے باعث ڈھاکہ، کھلنا اور بارسل سمیت کئی بڑے شہروں میں سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے۔

اس طوفان میں سب سے دردناک واقعہ وسطی کمیلا میں پیش آیا جہاں ایک ہی کنبہ کے تین افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب ایک پیڑ ان کے اوپر گر گیا۔ ہلاک شدگان میں والدین اور ان کا کمسن بچہ شامل ہے۔اس طوفان کی زد میں قیدیوں کو لانے لے جانے والی ایک گاڑی بھی آگئی جس میں دو پولس اہلکار اور ایک قیدی ہلاک ہو گیا۔