Mere tweets can't incite mutiny in army: IHC

اسلام آباد:(اے یو ایس ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے ایک حکم میں کہا ہے کہ ایک ٹوئٹ نہ تو مسلح افواج کے اندر بغاوت کو ہوا دے سکتا ہے اور نہ ہی عوام میں خوف و ہراس پیدا کر سکتا ہے۔اےک رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کاشف فرید نامی شہری کے خلاف متنازع ٹوئٹ کے ذریعے مبینہ طور پر ’مسلح افواج کو بدنام کرنے‘ کے الزام میں ایف آئی آر کو بھی خارج کر دیا۔کاشف فرید نامی شہری کے خلاف یہ ایف آئی آر مبینہ طور پر فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور فوج کے خلاف ایک ٹوئٹ کرنے پر درج کی گئی تھی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ ملزم نے پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 500، 501 اور 505 کے تحت جرائم کا ارتکاب کیا۔عدالت عالیہ نے اپنے حکم میں ریمارکس دیے کہ ’غیر مقبول‘ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ فوج یا عوام میں بغاوت کو ہوا نہیں دے سکتی۔جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ یہ مؤقف ناقابل فہم ہے کہ کسی غیر معروف ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ایک ٹوئٹ کرنے سے فوج کے افسران میں بغاوت پیدا ہوسکتی ہے یا اس کی وجہ سے وہ اپنے فرائض سے غافل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی اسی طرح سے ناقابل فہم ہے کہ کس طرح سے ایک ٹوئٹ عوام میں خوف و ہراس یا بے چینی کا باعث بن سکتا ہے جس سے متاثر ہو کر عوام ریاست یا لوگوں کے خلاف جرم کا ارتکاب کر سکتے ہیں۔جسٹس بابر ستار نے یہ بھی قرار دیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے پاس پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 505 کے تحت درج کسی بھی مقدمے کا نوٹس لینے کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔دوسری جانب، پاکستان پینل کوڈ کا سیکشن 500 ہتک عزت کے معاملے میں کسی فرد کے نام کی اشاعت سے متعلق ہے لیکن مذکورہ ٹوئٹ میں کسی فرد کا نام نہیں لیا گیا۔