Long march not to disturb Rawalpindi Test , assures Imran

اسلام آباد: (اے یو ایس ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) اور برطانوی حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے لانگ مارچ سے انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان راولپنڈی میں شیڈول پہلا ٹیسٹ میچ متاثر نہیں ہو گا۔کرک انفو کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے رواں ہفتے کے اواخر میں پاکستان پہنچنے والی ہے اور سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی میزبانی یکم دسمبر سے راولپنڈی نے کرنی ہے۔

تاہم ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے حوالے سے تحفظات ظاہر کیے گئے تھے کیونکہ 26نومبر کو عمران خان کے لانگ مارچ کے راولپنڈی پہنچنے کا اعلان کیا گیا ہے اور اسی وجہ سے ٹیسٹ میچ کے اسلام آباد کے جڑواں شہر میں انعقاد کے حوالے سے غیریقینی کے بادل منڈلانے لگے تھے کیونکہ اسی دن شام میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچے گی۔منگل کو چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے پاکستان برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کے ہمراہ عمران خان سے ان کی لاہور میں واقع رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی۔

رپورٹس کے مطابق دوران ملاقات عمران خان نے رمیز راجا کے ساتھ ساتھ کرسچن ٹرنر کو بھی یقین دہانی کرائی کہ لانگ مارچ سے راولپنڈی ٹیسٹ میچ متاثر نہیں ہو گا۔ملاقات کے حوالے سے رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ملتان روانہ ہو گی جہاں 9 سے 13 دسمبر تک دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کراچی 17 سے 21 دسمبر تک کرے گا۔