Horrific road accident in UP's Bahraich, 6 people killed and 15 injured

لکھنؤ: (اے یو ایس) اتر پردیش کے بہرائچ واقع جرول علاقہ میں ٹرک اور بس کی شدید ٹکر میں 6 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ پولیس ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اس حادثہ میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں قریبی اسپتال میں بغرض علاج داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ موصولہ خبروں میں پتہ چلا ہے کہ بہرائچ-لکھؤ شاہراہ پر جرول روڈ کے گھاگھرا گھاٹ استیشن کے پاس جئے پور سے بہرائچ آ رہی عیدگاہ ڈپو کی بس ٹرک سے ٹکرا گئی۔

دونوں گاڑیوں میں ٹکر اتنی زوردار تھی کہ بس کا پیچھے کا حصہ پوری طرح سے تباہ ہو گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی جرول پولیس موقع پر پہنچی اور سبھی زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا۔ ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر دنیش چندر، ایس پی کیشو کمار چودھری سمیت دیگر افسران بھی موقع پر پہنچے اور جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ پہلی نظر میں پتہ چل رہا ہے کہ ٹرک غلط سائیڈ سے آکر بس سے ٹکرایا ہے۔