Argentina win the 2022 FIFA world cup

دوحہ:فارورڈ کلیان ایم باپے کی شاندار ہیٹ ٹرک اور ارجنٹینا کے لیونل میسی کے دو بہترین گولوںکے ساتھ مقررہ 90منٹ اور فاضل وقت کے 35منٹ کے کھیل میں بھی اسکور 3-3سے برابر رہنے کے بعدپنالٹیوں سے کیے گئے فیصلے میں ارجنٹینا نے دفاعی چمپین فرانس کو 4-2سے شکست دے کر 2022کافیفا رڈ کپ جیت لیا۔ارجنٹینا کو یہ اعزاز حاصل کرنے کے لیے36سال انتظار کرنا پڑا۔ اس نے آخری بار یہ اعزاز 1986میں جیتا تھا۔ اگرچہ لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس فائنل میں کا پہلا ہاف کم وبیش یکطرفہ رہا جس میں لیونل میسی نے 23ویں منٹ میں پنالٹی سے اور اینجل ڈی ماریا نے 36ویں منٹ میں فیلڈ گول کر کے ارجنٹینا کو 2-0سے برتری دلادی ۔جو80منٹ کے کھیل تک برقرار رہی لیکن 80ویں اور 81ویں منٹ میں سینٹر فارورڈ کلیان ایم باپے نے یکے بعد دیگرے دو گول کر کے اسکور برابر کر دیاجو پورے 90منٹ اور پھر انجیوری ٹائم کے 8منٹ میں بھی برابر رہا۔

فرانس کی طرف سے بھی ارجنٹینا کی طرح پہلا گول پنالٹی سے ہوایہ گول ایم باپے نے کیا ۔ایک منٹ بعد ایم باپے نے ہی دوسرا گول کر دیا۔108 ویں منٹ میں میسی نے بہترین گول کے ارجنٹینا کو 3-2کی سبقت دلادی لیکن ارجنٹینا کی یہ خوشی زیادہ دیر تک برقرار نہ رہ سکی اور 10منٹ بعد ہی ایم باپے نے پنالٹی سے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کر کے فرانس کو 3-3کی برابری دلادی ۔ فٹبال تاریخ میں ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان یہ 13واں بین الاقوامی میچ تھا۔جس میں ارجنٹینا کا ہی پلڑا بھاری تھا اسے 6میچوں میں کامیابی ملی تھی جبکہ فرانس نے 3میچ جیتے تھے اور تین میچز ڈرا ہو گئے تھے۔ان 13میچوں میں ارنٹینا نے15اور فرانس نے11گول کیے تھے۔ورلڈ کپ میں بھی ان دونوں کے درمیان ہونے والے 3 میچوں میں سے دو میچ ارجنٹینا نے اور ایک فرانس نے جیتا تھا۔ ان دونوں کے درمیان جو آخری مقابلہ ہوا تھا وہ روس میں چا سال قبل کھیلے گئے ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ کا میچ تھا جس میں فرانس کو کامیابی حاصل ہوئی تھی اور فرانس چار سال پہلے کھیلے گئے ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو شکست دینے کی خوشگوار یادوں کے ٹانک کے ساتھ ہی قطر میں کھیلا گیا یہ فائنل کھیل رہا تھا۔ارجنٹینا کا فائنل میں پہنچنے کا سفر نہایت دلچسپ اور نشیب و فراز و ایک بڑے اپ سیٹ سے آراستہ رہا۔ اس نے سعودی عرب کے خلاف ایک کے مقابلہ دو گول سے شکست کھا کر ریگزار عرب میں ہونے والے اس بین الاقوامی ٹورنامنٹ کا بڑا مایوس کن آغاز کیا تھا ۔لیکن اگلے میچوں میں میکسیکو اور پولینڈ کو شکست دے کر گروپ میں اول پوزیشن حاصل کرکے آخری 16میں داخلہ پا لیا۔جہاں اس نے آسٹریلیا کو 2-1سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کی ۔

کوارٹر فائنل میں اس نے سخت مشقت کے بعد پنالٹیوں میں ہالینڈ کو 2-1سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیااور وہاں کروشیا کو3-0 روند کر فائنل میں شاہانہ داخلہ حاصل کیا۔دوسری جانب گروپ ڈی میں فرانس نے آسٹریلیا کو 4-1سے شکست دے کر زبردست آغاز کیا اور ڈنمارک کو بھی 2-1سے شکست دے کر پری کورٹر فائنل کے لیے جگہ پکی کر لی۔ اگرچہ وہ گروپ کا آخری میچ جو تیونیشیا کے خلاف تھا ہار گیا لیکن چونکہ وہ پہلے دو میچ جیت پری کورٹڑ فئنل کے لیے اپنا ٹکٹ پہلے ہی کنفرم کرا چکا تھا اس لیے اس شکست سے اس کے امکانات بالکل بھی متاثر نہیں ہوئے۔

پری کوراٹر فائنل میں ا س نے پولینڈ کو 3-1 سے ہراکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ۔کوارٹر فائنل میں انگلستان کو 2-1سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچی جہاں اس نے مراکش کو ، جو فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے الی پہلی افریقی ٹیم تھی،2-0سے ہرا کر فائنل کھیلنے کا حق حاصل کر لیا۔ عالمی کپ جیتنے کا اعزاز پانے والی ٹیم کا حصہ بننے کے لیونل میسی کے ممکنہ آخری موقع کی راہ میں فرانس کی مضبوط ٹیم ، جو 1958 اور 1962 میں لگاتار دو عالمی کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم کے یکے بعد دیگرے دو ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بننے کے لیے پرعزم تھی، اور اس کا اسٹار کھلاڑی کائیلیان ایمباپے حائل تھا۔میچ سے قبل ارجنٹائن کے گول کیپر نے بھی کہا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ فیورٹ فرانس ہے لیکن ہمارے پاس لیونل میسی کی شکل میں اب تک کا سب سے بڑا کھلاڑی ہے۔اور اس کی بدولت ورلڈ کپ فائنل ہم ہی جیتیں گے۔