Nearly 5,000 US flights canceled amidst fierce winter storm

واشنگٹن: (اے یوایس)امریکہ میں برفانی طوفان کی وجہ سے 5500 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔اس کا انکشاف واشنگٹن پوسٹ نے ملک میں طوفان بادو باراں کے حوالے سے شائع ایک رپورٹ میں کیا۔اس سے قبل میڈیا نے بتایا تھا کہ امریکہ میں شدید سردی اور طوفان سے متعلق واقعات کی وجہ سے کم از کم55 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برفانی طوفان کے باعث پیر کی شام5000سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کولوراڈو، الینوائس، کنساس، کینٹکی، مشی گن، مسوری، نیبراسکا، نیویارک، اوہائیو، اوکلاہوما، ٹینیسی اور وسکونسن سمیت کم از کم 12 ریاستوں میں کل 50 اموات کی اطلاع ہے۔

شمال مشرقی نیو یارک ریاست کے شہر بفیلو میں ہفتے کے آخر میں ایک میٹر سے زیادہ برف گرنے کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق پیر کی شام تک کم از کم 14 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔موسم اس قدر خراب ہے کہ نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا اور بارش و طوفان سے متعلقہ حادثات و واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 55 ہوگئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق بدترین طوفان سے نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، شہر بفیلو میں 27 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق مغربی نیویارک کے کچھ حصوں میں 43 انچ سے زیادہ برف پڑی ہے، برفانی طوفان کی وجہ سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ان کی دعائیں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں، انہوں نے متاثرہ ریاستوں کو وفاقی مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔