جموں:جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے ڈانگری گاؤں میں مشتبہ جنگجوں کی فائرنگ اور آی ای ڈی دھماکے میں ہلاک ہونے والے چھ شہریوں کے آخری رسوم منگل کی صبح ادا کر دیے گئے جس میں پولیس اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے ڈانگری گاؤں میں منگل کی صبح مشتبہ جنگجوں کی فائرنگ اور آئی ای ڈی دھماکے میں جان بحق ہونے والے چھ عام شہریوں کی آخری رسومات انجام دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ، صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ اس موقع پر جمع ہوئے اور مہلوکین کی آ خری رسومات میں شرکت کی۔
واضح ہو کہ ڈانگری گاؤں میں اتوار کی شام مشتبہ جنگجوں کی فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد کی موت جبکہ چھ دیگر زخمی ہوگئے تھے اور پھر پیر کی صبح اسی جگہ ایک آئی ای ڈی دھماکہ ہوا جس میں دو کمسن بچے از جان ہوگئے۔ان واقعوں سے علاقے میں خوف پھیل گیا اور سیکورٹی ایجنسیاں واقعات کی تہہ تک پہنچنے کے کام میں جٹ گئی ہیں۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا صورتحال کا جائزہ لینے اور پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے کے لئے پیر کو ہی ڈانگری پہنچے۔
