IAEA chides Iran for undeclared change to Fordow uranium enrichment setup

تہران،(اے یو ایس)انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے ایک خفیہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایران نے اپنے فورڈو پلانٹ میں 60 فیصد تک یورینیم افزودہ کرنے کے لیے سینٹری فیوجز (آئی آر سکس) کی دو سیریز کے درمیان غیر اعلانیہ تبدیلی کی ہے۔ اس اقدام پر ایجنسی نے ایران کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

رکن ممالک کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کو اس بات پر تشویش ہے کہ ایران نے ایجنسی کو پیشگی اطلاع دیئے بغیر انتہائی افزودہ یورینیم کی پیداوار سے متعلق فورڈو فیول افزودگی پلانٹ کے ڈیزائن کی معلومات میں اہم تبدیلی کی ہے۔ ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ فورڈو سہولت کی سرگرمیاں تہران کے وعدوں سے مطابقت نہیں رکھتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق فورڈو سہولت کی ایجنسی کی طرف سے اچانک معائنے کے دوران پتہ چلا کہ سینٹری فیوجز (آئی آر سکس ) کی دو سیریز میں یورینیم کو 60 فیصد تک افزودہ کرنے کے لیے تبدیلی کی گئی ہے۔ 22 نومبر کو ایرانی خبر رساں ایجنسی ”اسنا“ نے کہا تھا کہ تہران نے فورڈو جوہری تنصیب میں 60 فیصد تک یورینیم کی افزودگی شروع کر دی ہے۔