Imran Khan gave space to terrorists in Khyber Pakhtunkhwa: Shehbaz Sharif

اسلام آباد(اے یو ایس)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی لہرچل رہی ہے اور کہا کہ ان قوتوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ جنہوں نے دہشت گردوں کو ملک واپس لایا۔ عمران خان کا نام لئے بغیروزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت میں تحریک طالبان کے ہزاروں دہشت گردوں کو خیبر پختونخوا صوبے میں بسایا اوران میں سے پانچ ہزار کے قریب ہتھیار بند بھی تھے ۔ المیہ یہ ہے کہ جن دہشت گردوں کو پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی انہیں بھی رہا کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے اقدامات کے مد میں خیبر پختونخوا کو پچھلے 10سال کے دوران 417ارب روپے دیئے گئے تاکہ وہ انتہا پسندی اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں کامیاب ہوسکیں۔ لیکن حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اتنی بڑی رقم کہاںچلی گئی ۔

پچھلے 10سال سے اس صوبے میں تحریک انصاف پارٹی کی حکومت ہے اور آج وہ کہتے ہیں کہ ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستا ن کے کسی اور صوبے کو اس سلسلے میں کوئی رقم نہیں دی گئی۔ انہو ںنے کہا کہ ہر سال 40ارب روپیہ خیبر پختونخوا کو دیا جارہا ہے۔ لیکن یہ ناقابل یقین ہے کہ اس کے باوجود بھی صوبے میں دہشت گردی نے سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے ایسا لگتا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے محکمے میں کمزوریاں ہیں یا ان کے پاس مطلوبہ سامان اور تربیت نہیں ہے۔

اس بات کا پتہ لگانا ضروری ہے کہ خیبر پختونخوا کس طرح دہشت گردوں کے ہاتھوں میںچلاگیا اگر ہم نے اس وقت اقدامات نہیں اٹھائے تو سارے پاکستان میں دہشت گردی پھیل جائے گی۔ وزیراعظم نے یہ بیان وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دیا۔ انہو ں نے کہا کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہوئی اور اسی طرح خیبر پختونخوا میں بلوچ خاندان سمیت کئی اہم افراد بھی دہشت گردی کے شکار ہوگئے۔ انہوں نے عمران خان کے اس بیان کو مضحکہ خیز کہا جب اس نے کہا کہ جہادی پاکستان کے دوست ہیں انہوں نے ہتھیار ڈالے ہیں۔دہشت گردی کا ناسور دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔ حال ہی میں پولیس لائنز میں جو خود کش حملہ ہوا اس نے سارے ملک کو جھنجھوڑ ڈالا۔