پیرس(اے یو ایس ) ہیکرز نے فرانس کی قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر سائبر اٹیک کرکے اسے درہم برہم کرکے رکھ دیا۔ اس کے بعد ویب سائٹ کو بند کردیا گیا۔ ماہرین نے بتایا کہ پیرس کی جانب سے کیف کی حمایت کے بدلے میں روس نواز ہیکنگ گروپ ” نو نیم“ نے پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر سائبر اٹیک کیا ہے۔”ایجنسی فرانس پریس” کے مطابق سائبر ڈیفنس کے انچارج تھیلس گروپ کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ایوان فونٹارینسکی نے کہا کہ ویب سائٹ کو “سروس سے انکار” کے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ویب سائٹ پر اس حد سے زیادہ درخواستیں دے دی گئی تھیں جس حد کو ویب سائٹ سنبھالنے کی قدرت رکھتی تھی۔
ماہرین نے کہا کہ ماسکو کا حامی یہ ہیکر گروپ خود کو ” (16) نو نام057 “کا نام دیتا ہے۔ اس گروپ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر سائبر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ گروپ نے ظاہر کیا ہے کہ یہ کیف کی حمایت کا بدلہ ہے۔ فرانس نے حال ہی میں اس نوعیت کے کئی سائبر اٹیکس کا سامنا کیا ہے۔گزشتہ ہفتے ہیکرز نے پیرس کے ہوائی اڈوں کی ویب سائٹ میں خلل ڈالا اور جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل سیکیورٹی کی ویب سائٹ کو نشانہ بنایا۔
تھیلس گروپ جو ان کے رابطوں کا سراغ لگاتا ہے نے بتایا کہ ان دونوں حملوں کی ذمہ داری روس نواز ہیکرز کے ایک اور گروپ نے قبول کی تھی۔” (16) نونام057 “ گروپ مارچ 2022 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ ہیکنگ گروپ روسی اور انگلش میں بات چیت کرتا ہے۔ اور یہ ” سروس سے انکار“ کے حملے کرتا ہے۔ روس کی یوکرین پر حملے کے بعد ماسکو نواز نئے ہیکرز گروپ پیدا ہوئے ہیں۔ یہ گروپ روایتی ہیکرز کے بر خلاف تاوان مانگے بغیر حملے کرتے ہیں۔
