نئی دہلی (اے یوایس ) سپریم کورٹ نے راجیہ سبھا کے اراکین اور قانون ساز کونسل کے اراکین کے انتخاب میں خفیہ رائے شماری کا مطالبہ کرنے والی عرضی کو مسترد کر دیا ہے۔ اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پیر کو کہا کہ عدالت پہلے ہی فیصلہ کر چکی ہے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ ووٹنگ کے دوران ووٹر کو اپنا بیلٹ پارٹی کے مقرر کردہ نمائندے کو دکھانا ہوگا۔ اس لیے یہ خفیہ رائے شماری کے تصور کی خلاف ورزی ہے۔این جی او لوک پرہاری کی طرف سے داخل کی گئی عرضی میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا تھا کہ جس نے بھی راجیہ سبھا یا قانون ساز کونسل کی نامزدگی بھرنی ہے، تجویز کنندہ کے طور پر کم از کم 10 ارکان ہونے چاہئیں۔ سپریم کورٹ نے لوک پرہاری این جی او کے ان مطالبات کو مسترد کر دیا۔
راجیہ سبھا میں زیادہ سے زیادہ 250 ممبر ہیں۔ ان میں سے کل 238 ارکان منتخب ہوتے ہیں جبکہ 12 ارکان نامزد ہوتے ہیں۔ راجیہ سبھا کے ارکان کی میعاد 6 سال ہے۔ تقریباً ایک تہائی اراکین کی میعاد ہر دو سال بعد ختم ہو جاتی ہے اور وہ دوبارہ منتخب ہو جاتے ہیں۔ تاہم کسی رکن کی موت یا دیگر وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دینے کے بعد ان نشستوں پر درمیان میں انتخابات کرانا ہوتے ہیں۔قواعد کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں کل تعداد کا 10 فیصد یا ایوان کے کم از کم 10 ارکان کو بطور تجویز کنندہ تجویز کیا جانا چاہیے۔راجیہ سبھا کے ممبر کے انتخاب میں، عام آدمی لوک سبھا یا ودھان سبھا کے انتخابات کی طرح ووٹ نہیں دیتا ہے۔ اس میں عوام کے منتخب کردہ عوامی نمائندے (ایم ایل اے) حصہ لیتے ہیں اور وہ صرف ووٹ دیتے ہیں۔ اسی لیے مانا جاتا ہے کہ جس ریاست میں پارٹی کے زیادہ ایم ایل اے ہوں، وہاں ان کی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر بننے کا امکان قوی رہتا ہے۔
