Eight persons who escaped from Zaman Park through canal arrested: SP Civil Line

لاہور(اے یو ایس ) پنجاب پولیس نے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک سے نہر کے راستے فرار ہونے والے آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔گرینڈ آپریشن سے متعلق حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ایس پی سول لائن حسن جاوید بھٹی کی ایچسن کالج کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زمان پارک سے فرار ہونے والے آٹھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔’اور لوگ بھی فرار ہونے کی کوشش کرتے ہیں جو پولیس کو دیکھ کر واپس چلے جاتے ہیں۔ ابھی بھی کچھ لوگ اندر موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔‘حسن جاوید بھٹی کا کہنا تھا کہ آپریشن اور دیگر میرے لیول سے اوپر کے فیصلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پکڑے جانے والے اٹھ مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے۔

تفتیش مکمل ہونے سے پہلے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ادھر پنجاب پولیس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ میں مبینہ طور پر چھپے ہوئے ”تخریب کاروں” کی گرفتاری کے لیے ”گرینڈ آپریشن” شروع کرنے کے لیے تیار ہے، کیونکہ جمعرات کی شام 4 بجے 24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے۔پولیس کے مطابق زمان پارک کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔

پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی کو سابق وزیر اعظم کے گھر میں پناہ لینے والے ”دہشت گردوں“ کے حوالے کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔ حکومت نے پی ٹی آئی کو 2 بجے کی ڈیڈ لائن دی تھی جو اب ختم ہو گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد ’گرینڈ آپریشن‘ شروع کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کے انسپکٹر جنرل اور کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) نے پولیس کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے بدھ کی رات کہا کہ صوبائی حکومت کا ابھی تک پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو گرفتار کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔