وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قائد اعظم ہاؤس زیارت کو جلایا جبکہ عمران نیازی اور اس کے جتھوں نے لاہور میں قائد اعظم ہاؤس کو جلایا جو کہ کمانڈر ہاؤس بن چکا ہے۔لاہور میں امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 9 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس دن پاکستان کے لبادے میں دہشت گردی کی گئی، عمران نیازی کے حکم پر ان کے جتھوں نے ملک دشمنی کی اور بدقسمتی سے وہ کام کر دکھایا جو 75 برس میں دشمن نہ کر سکا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا تھا، اس ملک کی بدقسمتی دیکھیں کہ ان ’پاکستانی نما دشمنوں‘ نے بھی جی ایچ کیو پر حملہ کیا، ریڈیو پاکستان کو جلادیا، ایف سی اسکول میں توڑ پھوڑ کی۔شہباز شریف نے کہا کہ اس دن (9 مئی) کو بے شمار ایسے ہولناک واقعات ہوئے تھے جو ہمیشہ کے لیے پوری قوم کو ذہنی کوفت میں مبتلا رکھیں گے، لہٰذا یہ طے ہوا تھا کہ کسی شخص کو، چاہے وہ منصوبہ بندی میں شامل ہے، اکسانے میں شامل ہے، چاہے اس نے غلیظ گالیاں دیں اور نعرے لگوائے اور چاہے وہ توڑ پھوڑ میں شامل تھا، کوئی بھی قانون کے آہنی ہاتھوں سے بچ نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں طے ہوا تھا کہ سویلین تنصیبات کو نقصان پہنچانے والے تمام افراد پرانسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا، جبکہ فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے والوں پر آئین کے مطابق مقدمہ چلایا جائے گا۔
