Islamic Emirate PM says those not wanted by public have no place in Govt

کابل: امارت اسلامیہ کے نگراں وزیر اعظم مولوی عبدالکبیر نے کہا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کو جامع سمجھتے ہیں لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح طور پر کہا کہ اس حکومت میں سابقہ حکومت کی بعض شخصیات کے لیے جنہیں عوام نہیں چاہتے ،کوئی جگہ نہیں ہے کیونکہ جو عوام کے لیے قابل قبول نہیں وہ ہمیں بھی قبول نہیں۔ اگر وہ یہاں آ ئے اور ہماری حکومت میں شامل ہوئے تو وہ افغان عوام یا ہمیں قابل قبول نہیں ہوں گے۔ حتیٰ کہ وہ دنیا کے لیے بھی ناقابل برداشت ہیں۔ ان کی شمولیت سے حکومت جامع نہیں ہو سکتی بلکہ ان کی شمولیت بدعنوانی کا باعث بنے گی۔

امارت اسلامیہ کے رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولوی عبدالکبیر نے مزید کہا کہ افغانستان اور دنیا کے درمیان خوشگوار تعلقات کا ہونا ضروری ہے اور موجودہ حکومت دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات رکھنا چاہتی ہے۔ دنیا میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے۔ امارت اسلامیہ اسلامی شریعت کی روشنی میں خطے اور دنیا بھر کی تمام اقوام کے ساتھ مثبت تعلقات اور باہمی احترام کی خواہاں ہے۔ اگر دنیا ہمارے لیے مسائل پیدا نہیں کرے گی تو ہم دنیا کے لیے مسائل پیدا نہیں کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمعرات کے روز کابل کے سیپیدار محل میں قبائلی عمائدین ،علمائے دین، ماہرین تعلیم اور فزیشینوں کی امارت اسلامیہ کے کچھ افسران بالا کے ساتھ ملاقات ہوئی نگراں وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ملاقات کے دوران کہا کہ اگرچہ سابقہ انتظامیہ کے پاکستان، ایران اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات نہایت خراب تھے لیکن امارت اسلامیہ کے برسر اقتدار آنے کے بعد ان میں بہتری آئی ہے۔