ہرےدوار(اے یو ایس ) ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کے خلاف احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے اپنے تمغے گنگا ندی میں پھینکنے کا فیصلہ موخر کر دیا ہے۔ ہریدوار میں ہر کی پڑی میں موجود تمام پہلوان اب پیچھے ہٹ گئے ہیں۔ پہلوانوں نے اب برج بھوشن پر کارروائی کے لیے 5 دن کا الٹی میٹم دیا ہے۔ پہلوان منگل کی شام اپنے تمغوں کے ساتھ ہریدوار پہنچ گئے۔ ہریدوار پہنچ کر ان پہلوانوں نے کہا تھا کہ جب حکومت نہ تو ہماری بات سننے کو تیار ہے اور نہ ہی ملزم ایم پی کے خلاف کارروائی کرنے کو تیار ہے تو پھر ملک کے لیے جیتنے والے تمغوں کا کیا فائدہ؟ ہم یہاں ان تمغوں کو گنگا میں پھینکنے آئے ہیں۔ ونیش پھوگاٹ، بجرنگ پونیا، سنگیتا پھوگاٹ، ساکشی ملک سمیت کئی اعلیٰ احتجاجی پہلوان ہریدوار پہنچ چکے ہیں۔ ان پہلوانوں نے برج بھوشن شرن سنگھ پر جنسی استحصال کے الزامات لگائے ہیں۔ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے سربراہ برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے پہلوانوں نے 23 اپریل کو اپنا احتجاج دوبارہ شروع کیا۔
برج بھوشن پر ایک نابالغ سمیت کئی خواتین پہلوانوں کو مبینہ طور پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام ہے۔ جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے پہلوانوں کو 28 مئی کو وہاں سے ہٹا دیا گیا تھا۔موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پہلوانوں نے بھی ہریدوار سے واپسی کے بعد انڈیا گیٹ پر انشن پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی انڈیا گیٹ یا اس کے آس پاس کوئی مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ 28 مئی کو دہلی پولیس نے ان پہلوانوں کو جنتر منتر سے اس وقت ہٹا دیا تھا جب یہ تمام پہلوان نئے پارلیمنٹ ہاو¿س کے افتتاح کے موقع پر جنتر منتر سے نئی پارلیمنٹ تک مارچ نکالنے جا رہے تھے۔ ان پہلوانوں کو بھی بعد میں دہلی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے خلاف ہنگامہ آرائی کرنے کی دفعات سمیت دیگر کئی دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کی اس کارروائی کے بعد کئی پہلوانوں نے ٹوئٹ کر کے کہا تھا کہ ہماری جدوجہد یہیں ختم نہیں ہوتی۔ ہم اپنے حقوق کے لیے آئندہ بھی لڑتے رہیں گے۔ریسلر ساکشی ملک نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ہماری تحریک ختم نہیں ہوئی، پولیس کی حراست سے رہا ہونے کے بعد ہم جنتر منتر پر واپس ستیہ گرہ شروع کریں گے۔ اس ملک میں اب خواتین پہلوانوں کا ستیہ گرہ ہوگا، آمریت نہیں۔
