نئی دہلی (اے یوایس) تاریخ میں پہلی بار ایسا ہو رہا ہے، جب خواتین محرم کے بغیر یعنی شوہر یا کسی مرد کے بغیر تنہا حج پر جا رہی ہیں۔ ملک بھر میں اکیلے حج پر جانے والی خواتین کی تعداد 4000 ہو گئی ہے۔ صرف دہلی سے 39 خواتین حج پر جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس سفر پر بھیجنے کے لیے پی ایم مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔39 خواتین کا ایک گروپ دہلی ہوائی اڈے سے یاترا کے لیے روانہ ہوا ہے۔
مرکزی وزیر مملکت میناکشی لیکھی نے اس بیچ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر میناکشی لیکھی نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں خواتین خود انحصار ہو رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج خواتین اکیلے ہی حج پر جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے اس سفر کے حوالے سے مثبت آرائ موصول ہو رہی ہیں۔ سعودی ایئرلائنز نے یہ بھی کہا کہ پہلی بار حج کا عمل اتنے اچھے طریقے سے کیا جا رہا ہے۔
مرکزی وزیر مملکت میناکشی لیکھی نے مزید کہا کہ خواتین کو حج کے لیے فٹنس ٹریننگ بھی دی گئی ہے، تاکہ انہیں پیدل چلنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔ اس کے علاوہ سعودی میں ان کے قیام کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سفر کے دوران اگر کسی کی طبیعت خراب ہو جائے تو ان کے لیے طبی سہولیات پر پوری توجہ دی جائے گی۔
