اسلام آباد، (اے یوایس)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگرقومی اسمبلی کے الیکشن ملتوی کئے گئے تو اُس کے خطرناک نتیجے نکلیں گے۔ پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت اس قابل نہیں ہے کہ وہ ملک کے مسائل کو حل کرسکیں اس لئے واحد طریقہ یہی ہے کہ الیکشن کے ذریعہ عوامی حکومت قائم کی جائے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن ملتوی کرنا سیاسی غیریقینی کا حل نہیں رہا اور اگر اس میں تاخیر کی گئی تو ملک پر منفی اثر پڑے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ بات چیت کے علاوہ سیاست میں اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ہمیں مل بیٹھ کر ملک کو آگے لینے کیلئے کام کرنا چاہئے اور اگر سیاسی رہنما یہ نہیں کریں گے تو تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ صوبوں میں الیکشن ملتوی کرنے کا تماشہ ملک دیکھ چکا ہے اور اب مرکز میں بھی الیکشن ملتوی کرنا کوئی حل نہیں ہے۔ جناب عباسی موجوہ صورتحال سے خوش نہیں ہیں اور وقتا فوقتا پارٹی قیادت کو نشانہ بنارہے ہیں۔ وہ سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کے بھی قریبی ہیں اور جب ان کو نکالا گیا تو اس پر وہ خفا ہوئے۔
