Australia plans to ban swastikas and other Nazi symbols

کینبرا: آسٹریلیا کے اٹارنی جنرل مارک ڈریفس نے جمعرات کے روز کہا کہ انتہا پسند دائیں بازو کی بڑھتی سرگرمیوں کی وجہ سے حکومت ملک بھر میں سواستیکا اور دیگر نازی علامتوں پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ زیادہ تر آسٹریلوی ریاستیں پہلے ہی ایسی نازی علامتوں پر پابندی عائد کر چکی ہیں لیکن وفاقی قانون مزید پیش فت کر کے اس طرح کے مواد کی تجارت پر پابندی لگائے گا۔

ڈریفس نے نائن نیٹ ورک ٹیلی ویژن کو بتایا کہ انتہائی دائیں بازو کی اس قسم کی پرتشدد سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور ہمیں لگتا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ ایک وفاقی قانون ہو جسے میں اگلے ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کروں گا،ہمیں درآمد و برآمد کی ذمہ داری ملی ہے۔ ڈریفس نے کہا کہ ہم اس قسم کی یادگاروں یا کسی بھی ایسی اشیا کی تجارت کا، جو نازی علامتوں کا مظاہرہ کرتی ہوں خاتمہ دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نفرت اور تشدد کی آسٹریلیا میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

لیبر پارٹی کی حکومت ایوان نمائندگان کو کنٹرول کرتی ہے لیکن سینیٹ کو نہیں اور یہ واضح نہیں ہے کہ یہ قانون کب منظور یا نافذ کیا جا سکتا ہے۔ اس قانون کی رو سے نازی علامتوں کی نمائش کرنے والے افراد کے لیے ایک سال تک قید کی سزا ہوگی۔ مذہبی، تعلیمی یا فنکارانہ مقاصد کے لیے ان علامتوں کی نمائش کا پابندی سے استثنیٰ ایک حد میں ہوگا۔ اس سے ہندو مت، بدھ مت اور جین مت کے ماننے والے لوگوں کے لیے سواستیکا کے استعمال پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔