Saudi Arabia will continue efforts to prevent ISIS resurgence, combat terrorism: FM

ریاض(اے یو ایس ) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شدت پسندی کا مقابلہ کرنے اور دہشت گرد تنظیم داعش کو دوبارہ متحرک ہونے سے روکنے کے لیے، کام جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے آج جمعرات کو دارالحکومت ریاض میں منعقدہ داعش کے خلاف “بین الاقوامی اتحاد” کے وزارتی اجلاس کی افتتاحی تقریر میں کہا کہ سعودی عرب جہاں کہیں بھی ممکن ہے، داعش کا پیچھا کرنے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ “سعودی عرب دہشت گردی اور انتہا پسندانہ نظریات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر یقین رکھتا ہے،” ”اور وہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مربوط کوششیں جاری رکھے گا۔”سعودی وزیر خارجہ نے داعش کو دوبارہ واپس آنے کے لیے کسی بھی موقع سے فائدہ اٹھانے سے روکنے اور اس کی مالی اعانت کے ذرائع کو ختم کرنے کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے دنیا کے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ رواداری اور مکالمے کی اقدار کو پھیلانے کے لیے مل کر کام کریں۔انہوں نے سعودی عرب کے وڑن 2030 پائیدار ترقی میں نوجوانوں کی حمایت اور بات چیت کے طریقوں کو فروغ دینے پر بھی بات کی۔اپنے خطاب کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے بھی داعش کو شکست دینے اور دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا پانے کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے افغانستان اور کچھ افریقی علاقوں میں داعش کے حملوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ملکی آئی ایس آئی ایس عسکریت پسندوں کو شام اور عراق میں کیمپوں میں رکھنے سے تنظیم کے دوبارہ متحرک ہونے کا خطرہ ہے۔انہوں نے متعلقہ ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے شہریوں کو داعش کے غیر ملکی عسکریت پسندوں سے بازیاب کرائیں، اور کہا کہ شام میں الہول کیمپ کو ختم کرنے کے لیے یہ قدم بہت اہم ہے۔

دونوں وزرانے گزشتہ روز بدھ کو خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے وزارتی اجلاس کے موقع پر ریاض میں کونسل کے جنرل سیکرٹریٹ کے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری، اور علاقائی اور بین الاقوامی میدانوں میں ہونے والی پیش رفت کے علاوہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2017 کے بعد سے، داعش شام اور عراق میں اپنے زیر کنٹرول زیادہ تر علاقوں سے بڑی حد تک پیچھے ہٹ چکی ہے، لیکن دونوں ممالک کے کچھ علاقے اب بھی وقتاً فوقتاً تنظیم کی کچھ دہشت گردانہ کارروائیوں اور حملوں کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔تاہم، اس کے حملوں نے افغانستان اور افریقی ساحلی علاقوں میں زیادہ خطرناک صورتحال پیدا کی ہے۔