بیجنگ:فلسطینی صدر محمود عباس چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر آئندہ ہفتے چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ چین نے جمعہ کے روز کہا کہ وہ اسرائیل فلسطین امن مذاکرات میں مدد اور ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونینگ نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی دعوت پر محمود عباس 13 سے 16 جون تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ چین کے وزیر خارجہ قین گینگ نے اپریل میں اپنے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصبوں سے کہا تھا کہ ان کا ملک فلسطین اسرائیل امن مذاکرات میں مدد کے لیے تیار ہے۔
اسرائیل اور فلسطین کے اعلیٰ سفارت کاروں کے ساتھ قین گینگ کی علیحدہ ٹیلی فونی گفتگو اس وقت ہوئی جب چین نے خود کو ایک علاقائی ثالث کی حیثیت سے اپنی خدمات پیش کیں ۔قین نے اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن کے ساتھ ایک ٹیلی فونی گفتگو میں امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ چین اس کے لیے ہر سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس کے ساتھ ہی قین نے فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی کو بتایا کہ چین چاہتا ہے کہ جتنا جلد ممکن ہو سکے امن مذاکرات شروع ہو جائیں اور وہ مذاکرات کی جلد بحالی کی حمایت کرتا ہے۔
