تہران: عراق میں امریکی ڈرون حملہ میں جاں بحق ہونے والے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی ان کے آبائی شہر کرمان میں تدفین کے موقع پر لاکھوں سوگواروں کے مجمع میں بھگدڑ مچ گئی جس میں درجنوں افراد کچلے جانے سے ہلاک ہو گئے۔
مقامی ٹی وی کے مطابق 50افراد ہلاک اور48دیگر زخمی ہوئے ہیں۔اس بھگدڑ کا ایک ویڈیو بھی جاری کیا گیا جس میں متعدد افراد کو زمین پر پڑے لوگوں کے سینے کو ملتے اور بہت سوں کو منھ سے منھ لگا کر مصنوعی سانس دلاتے دکھایا گیا ہے۔
زمین پر گرے ہوئے کئی افراد کے چہرے جیکٹوں یا مفلروں سے ڈھکے ہوئے تھے۔ پیر کے روز جنازے میں دس لاکھ سے زائد افراد ایرانی دارالخلافہ تہران میں جمع ہو گئے تھے ۔جس کے باعث تمام راستوں اور گلی کوچوں میں زبردست بھیڑ بھاڑ ہو گئی تھی۔
جس طرح پیر کے روز جنازے میں لاکھوں افراد شامل تھے اسی طرح منگل کے روز بھی کرمان شہر مین تدفین کے دوران لاکھوں سوگوار سیاہ لباس زیب تن کیے جمع تھے ۔
دریں اثناکرمان پولس کے ڈائریکٹر جنرل نے اس بھگدڑ میں کسی قسم کی دہشت گردی کو خارج از امکان قرار دیا۔
کرمان میں ان لاکھوں سیاہ پوش سوگواروں سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی پاسدران انقلاب کے سربراہ حسنی سالمی نے امریکہ مردہ باد کے نعروں کی گونج میں کہا کہ ہم انتقام ،ایک سخت اور ہر حال میں انتقام لے کر رہیں گے ۔