سری نگر : جمعہ کی صبح جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں سلامتی دستوں اور انتہا پسندوں کے درمیان ایک تصادم میں5 فوجی ہلاک اور دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں ایک فوجی افسر بھی شامل ہے۔فوجی اہلکار کے مطابق جیسے ہی سلامتی دستوں کی مشترکہ ٹیمیں اس مقام پر جہا ں انتہا پسندوں نے ڈیرہ ڈال رکھا تھا پہنچیں وہاں روپوش دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی، جس سے تصادم شروع ہو گیا ۔ یہ واقعہ کنڈی بستی کے کیساری علاقے میں پیش آیا۔
فوج کے پی آر او لیفٹیننٹ کرنل دیویندر آنند کے دستخط سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک مشترکہ آپریشن میں کوٹرنکا سب ڈویڑن کے کنڈی علاقے میں دہشت گردوں کے ایک گروپ کو گھیرے میں لے لیا اور صبح 8 بجے انکاؤنٹر شروع ہوا۔اس میں کہا گیا ہے فوج کی کئی ٹکڑیاں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیاں کر رہے ہیں تاکہ جموں کے علاقے میں بھاٹا دھریاں کے توتا گلی علاقے میں ایک فوجی ٹرک پر گھات لگا کر حملے میں ملوث دہشت گردوں کے گروپ کو ختم کیا جا سکے۔
راجوری سیکٹر کے کنڈی جنگل میں دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں خفیہ اطلاع پر، 3 مئی کو ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔ جمعہ کی صبح تقریباً 7.30 بجے، جیسے ہی فورسز کی مشترکہ ٹیمیں موقع پر ، جو پتھریلی اور کھڑی چٹانوں کے ساتھ گھنے جنگلات سے گھرا ہے پہنچیں، چھپے ہوئے دہشت گردوں نے ان پر فائرنگ کی، جس کا جوابی کارروائی کی گئی، جس سے تصادم شروع ہوگیا۔زخمیوں کو ادھم پور کے کمانڈ اسپتال لے جایا گیا ہے۔
