بہرائچ(اے یو ایس) اترپردیش کے ضلع بہرائچ کے پیاگ پور تھانہ علاقہ کے شیو دہا موڑ کے پاس ہوئے خوفناک سڑک حادثے میں 6 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ دیگر 10 زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں پانچ کی حالت سنگین ہے۔ سبھی زخمیوں کو پولیس کی گاڑی سے اسپتال پہنچایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق سبھی ہلاک شدگان اور زخمی افراد لکھیم پور کھیری ضلع کے تکنیا اور سنگاہی کے ر ہائشی ہیں۔پولیس کے مطابق ایک مہندرا گاڑی میں سوار 16 مسافر امبیڈکر نگر واقع کچھوچھہ درگاہ شریف کی زیارت کر کے لوٹ رہے تھے۔ تبھی پیاگ پور تھانہ علاقے کے شیو دہا موڑ کے پاس کسی نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی۔ اس حادثہ میں 6 لوگوں کی جائے واردات پر ہی موت ہو گئی۔ حالانکہ، مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ وقت پر اگر ایمبولینس آ گئی ہوتی تو کچھ لوگوں کی جان بچائی جا سکتی تھی۔ لیکن ایمبولینس کے نہ پہنچنے پر پولیس کی گاڑی سے سبھی کو ضلع اسپتال پہنچایا گیا۔
اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔ ادھر زیارت سے لوٹ رہے عقیدت مندوں کی موت سے کنبوں میں کہرام مچ گیا ہے۔ پیاگ پور تھانہ کے داروغہ مکیش سنگھ نے بتایا کہ امبیڈکر نگر کے کچھوچھہ درگاہ میں عقیدت مند زیارت کرنے گئے تھے۔ وہاں سے زیارت کر کے وہ لکھیم پور لوٹ رہے تھے۔اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بہرائچ میں ایک سڑک حادثے میں لوگوں کی موت پر گہرا دکھ ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ کے تئیں اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے ضلع انتظامیہ کے حکام کو اس حادثے میں زخمی ہوئے لوگوں کا علاج کرانے کی ہدایت دی ہے۔ھادثہ میں گاڑی میں آگے بیٹھے تین افراد بشمول ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی ۔زندہ بچ جانے والوں کا کہنا ہے کہ ایمبولنس حادثہ کے چار گھنٹے بعد پہنچی ۔ ایک زخمی نے بتایا کہ حادثہ11بجے ہوا اور ایمبولنس تین بجے پہنچی۔
