کابل: افغانستان کے صوبہ نمروز میں طالبان انتہاپسندوں کے ذریعہ سڑک کے کنارے نصب کیا گیا بم پھٹنے سے کم از کم 7شہری ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
صوبائی حکومت کے نگراں ترجمان بہرام خیل نے واردات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ بم دھماکہ خش روڈ ڈسٹرکٹ میں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک گاڑی جس میں غیر فوجی جا رہے تھے خش روڈ ڈسٹرکٹ میں ایک سڑک کے کنارے طالبان کے ذریعہ نصب کیے گئے بم کی زد میں آگئی۔
بہرام خیل نے مزید کہا کہ اس دھامکہ میں سات شہریوں کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی ۔گاڑی میں سوار اٹھواں شخص شدید زخمی ہے۔
طالبان گروپ نے ابھی تک اس واقعہ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ طالبان انتہاپسندوں اور دیگر دہشت گرد گروپس سلامتی دستوں کو نشانہ بنا کر اکثر و بشتر بارودی سرنگ بچھا دیتے ہیں لیکن بد قسمتی سے سڑک کے کنارے نصب ان بموں کا زیادہ تر شکار عام شہری بنتے ہیں۔
دریں اثنا تاخیر سے موصول اطلاع کے بموجب افغان سلامتی دستوں نے منگل کی شام میں شمالی فریاب صوبہ کے دولت آباد اور گرزیوان میں طالبان کے حملے پسپا کر کے کم از کم 11طالبان کو ہلاک یا زخمی کر دیا۔209ویں شاہین کور س نے ایک بیان میں کہا کہ طالبان کا ایک گروپ دولت آباد کے شش پور گاؤں اور گزیوان ڈسٹرکٹ کے دارالخلافہ میں حملوں کا منصوبہ بنا رہے تھے۔