کابل: افغانستان کے مشرقی صوبہ کونار میں ایک امریکی فضائی حملہ میں دولت اسلامیہ فی العراق والشام خراسان (داعش -خراسان) کے سات انتہاپسند ہلاک ہو گئے۔201ویں سیلب کور سے جاری بیان کے مطابق امریکی فوجوں نے یہ فضائی کارروائی نور گل ڈسٹرکٹ میںکی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی فضائیہ نے ڈسٹرکٹ کے مزار دارا میں یہ بمباری مقامی وقت کے مطابق صبح 9بجے کی۔ابھی تک داعش نے اس فضائی حملہ کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
اس سے قبل201ویں سیلب کور نے بتایا تھا کہ کونار صوبہ میں داعش کے 30انتہاپسندوں کے ایک گروپ نے افغان فوجی دستوں کے سامنے خود سپردگی کی ہے۔سیلب کور نے مزید کہا کہ ان30داعش انتہاپسندوں نے کونار صوبہ کے سوکی اور ننگر ہار ڈاضلاع میں خود کو بمع اسلحہ سلامتی دستوں کے حوالے کر دیا۔
خود سپردگی کے حوالے سے بھی ابھی تک داعش کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔کونار مشرقی افغانستان کے شورش زدہ صوبوں میں سے ایک ہے جہاں ان کے کچھ اضلاع میں داعش انتہاپسند اور طالبان و القاعدہ نیٹ ورک سمیت کئی انتہاپسند گروپوں کے کارکنان کثیر تعداد میں موجود ہیں۔ یہ حکومت مخالف مسلح انتہاپسند آئے روز حکومت و سلامتی دستوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔