سید بصیر الحسن وفا نقوی،علی گڑھ یوپی
تبلیغِ دینِ حق کی ضرورت ہیں فاطمہؑ
اﷲ کے رسول کی طاقت ہیں فاطمہؑ
یہ مال و زر تو آپ کے قدموں کی دھول ہےں
بی بی خدیجہؓ آپ کی دولت ہیں فاطمہ
قرطاس پر ابد کے خطِ لا زوال ہیں
لوحِ ازل پہ لکھی عبارت ہیں فاطمہؑ
وہ جس کو عالمین کی رحمت کہا گیا
اس کے لئے بھی باعثِ رحمت ہیں فاطمہؑ
خود اٹھ رہے ہیں فخرِ رسل احترام میں
سوچو تو کتنی صاحبِ عزت ہیں فاطمہؑ
ہے انما کے سائے میں تطہیر کا وقار
شانِ نزولِ آیتِ عصمت ہیں فاطمہؑ
قرآن کی زبان میں کوثر کہا گیا
حسنینؑ کی زبان میں جنت ہیں فاطمہؑ
رضوان لیکے آگیا حسنینؑ کا لباس
ثابت ہوا کہ مہرِ صداقت ہیں فاطمہؑ
آوازِ آسیا کے ہے تکبیر ساتھ ساتھ
بیتِ علیؑ میں غرقِ عبادت ہیں فاطمہؑ
ان کے بغیر ہوتا ادھورا خدا کا دین
”بہر نساءچراغِ ہدایت ہیں فاطمہؑ“
مولائے کائنات سے زینت جہاں کی ہے
مولائے کائنات کی زینت ہیں فاطمہؑ
مجھ کو وفا ہو خوف بھلا کیوں معاد کا
بخشش کی میری جب کہ ضمانت ہےں فاطمہؑ
ای میل:wafanaqvi76@yahoo.com