کابل:افغانستان کے صوبہ لغمان میں طالبان کے اراکین کو لے جانے والی ایک کار مخالف سمت سے آنے والی ایک گاڑی سے ٹکرا گئی جس میں ایک شخص ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔حکام نے مشرقی صوبے میں پیش آئے اس سڑک حادثے میں ایک ہلاکت اور 11 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
لغمان صوبے کے ٹریفک ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ حبیب اللہ مبارز نے بتایا کہ منگل کی صبح کابل جلال آباد روڈ کے علاقے سورکھان میں طالبان کے کارکنوں کی گاڑی کی ایک دیگر گاڑی سے ٹکراگئی۔زخمیوں میں طالبان کے 8 سیکورٹی اہلکاروں کے علاوہ تین شہری بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔
قبل ازیں اتوار کے روز صوبہ غزنی کے ضلع قرہ باغ میں غزنی۔بایان شاہراہ پر ایک ٹریفک حادثے میں، جس میں دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ایک شخص ہلاک اور درجن بھر زخمی ہوگئے۔ حال ہی میں لاپروا ئی سے گاڑی چلانے، خستہ حال سڑکوں، تیز رفتار ڈرائیونگ اور ٹریفک اصول و ضوابط پر عدم عمل آوری کے باعث ملک بھر میں آئے روز سڑک حادثات ہوتے رہتے ہیں۔
