ممبئی:(اے یو ایس) بالی ووڈ فلم صنعت کے لئے سال 2020 بیحد ہی افسوسناک رہا۔ ایک بار پھر افسوسناک خبر سامنے آ رہی ہے۔ اداکارہ رانی مکھرجی کی فلم’ مہندی’ میں کام کر چکے ان کے شریک اداکار فراز خان کا انتقال ہو گیا۔ فراز خان کافی وقت سے سنگین طور پر بیمار چل رہے تھے۔ وہ 46 سال کے تھے اور بنگلورو کے ایک اسپتال میں ایک طویل مدت سے بھرتی تھے۔
سوشل میڈیا پر پوجا بھٹ نے یہ اطلاع دی۔ فراز کے انتقال کی خبر سے ان کے کنبے، مداحوں اور فلم صنعت میں غم واندوہ کی لہر ہے۔ اداکار کا انتقال صنعت کے لئے ایک بڑا جھٹکا ہے۔بالی ووڈ اداکار فراز خان کے انتقال کے بعد پوجا بھٹ نے ٹویٹ کرتے ہوئے اظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ‘ میں بہت ہی بھاری دل سے اس خبر کو شیئر کر رہی ہوں کہ فراز خان اب ہم سبھی کو چھوڑ کر جا چکے ہیں۔
اس بات پر یقین کر پانا مشکل ہے۔ آپ کی ان سبھی مدد اور دعاوں کا شکریہ جب انہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ برائے مہربانی اپنے کنبے کو اپنی دعاوں میں یاد رکھیں۔ وہ ایک ایسا خلا چھوڑ گئے ہیں جسے بھر پانا مشکل ہو گا’۔پچھلے دنوں پوجا نے فراز کے لئے معاشی مدد کی مانگ بھی کی تھی جس کے بعد سلمان خان نے ان کے سارے بل بھر دئیے تھے۔
اس بات کی جانکاری اداکارہ کشمیرا شاہ نے دی تھی۔ فراز خان کی معاشی صورت حال ٹھیک نہیں تھی۔ بیتے دنوں ان کے علاج کے لئے ان کے کنبے نے ایک فنڈ اکھٹا کرنے والی ویب سائٹ کے ذریعہ لوگوں سے معاشی مدد کی اپیل کی تھی۔