ممبئی : کائی پو چے سے پی کے سے ہوتے ہوئے فلم دل بے چارہ تک ایک کامیاب سفر کرنے والے ابھرتے ہوئے فلم اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے اتوارکے روز یہاں باندرہ میں واقع اپنی رہائش گاہ میں پھانسی لگا کر خود کشی کر لی۔ وہ 34سال کے تھے۔
عامر خان کی پی کے اور ایم ایس دھونی دی ان ٹولڈ اسٹوری سے زبردست مقبولیت پانے والے سوشانت کے خود کشی کرنے کے واقعہ سے پورا بالی ووڈ اور ٹی وی دنیا سکتے میں ہے اور ہر طرف سناٹا طاری ہوگیا ۔ اور ہر کس و ناک یہی پوچھ رہا ہے :کیوں سوشانت کیوں ؟ کیوں ایسا کیا سشانت؟ لیکن انہوں نے کوئی خود کشی تحریر نہیں چھوڑی ہے جس سے علم ہو سکے کہ انہوں نے ایسا انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔
سوشانت نے اپنے کیریر کا آغاز چھوٹے پردے سے کی تھی اور وہاں سے حوصلہ پا کر پی کے میں اوشکا کے محبوب کے مختصر مگر اپنے آپ میں ایک بھرپور کردار سے نام کمانے کے بعد ایم ایس دھونی دی ان ٹولڈ اسٹوری سے دھوم مچا دی ۔
ہندوستان کے سابق کرکٹ کپتا ن اور دنیا کے بہترین اور کامیاب ترین کپتانوں اور وسکٹ کیپرز میں سے ایک مہندر سنگھ دھونی کی بائی پک فلم میں بہترین اداکاری سے زبرتدست داد تحسین حاصل کی۔ سوشانت نے جو ہمیشہ سے ہی بڑے شانت نظر آیا کرتے تھے سال2008میں اسٹار پلس کے شو میرا دل سے کی تھی۔ اور دو سال بعد ریلٹی شو میں ذرا نچ کے دکھا اور جھلک دکھلا جا میں جلوہ افروز ہوئے اور ناظرین کے دل موہ لیے۔
چھوٹے پردے پر انہیں ایکتا کپور کے شو پوتر رشتہ سے زبردست شہرت ملی ۔2013میں کائی پو چے کے بعد 2013میں ہی شدھ دیسی رومانس،2014میں پی کے،2016میں ایم ایس دھونی دی ان ٹولڈ اسٹوری، 2017میں رابطہ،2018میں کیدار ناتھ،2019میں ڈرائیو اور پھر چھچھورے میں بہترین اداکری سے خوب نام کمایا۔ان کی آخری فلم دل بے چارہ جو 2020 کے اوائل میں مکمل ہو ئی ابھی ریلیز نہیں ہوئی۔
سوشانت اپنی عمدہ اداکاری پر کئی اعزازات سے سرفراز کیے جا چکے ہیں ۔جن میں ازنڈین ٹیلی ویژن اکیڈمی ایوارڈ،بگ اسٹارانٹرٹینمنٹ ایوارڈ، کلاکارایوارڈ اور اسکرین ایوارڈ شامل ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بہاری بابو کے نام سے معروف شتروگھن سنہا اور اب ان کی صاحبزادی جس طرح آج فلمی دنیا میں بہار کی نمائندگی کر رہی ہیں اور اپنی اپنی خوبصورت اداکاری سے بہار کا نام روشن کیاہے اسی نقش قدم چلتے ہوئے سوشانت سنگھ راجپوت بھی اپنی آبائی ریاست بہار کا نام روشن کر رہے تھے ۔