نئی دہلی:(اے یو ایس ) وائس ایڈمرل آر ہری کمار نے منگل کے روز بحریہ کے اگلے سربراہ کا چارج لے لیا وہ ایڈمرل کے بی سنگھ کی جگہ ، جو منگل کے ہی روز سبکدوش ہوئے ،بحریہ سربراہ مقرر کیے گئے ہیں۔وزارت دفاع نے نومبر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ حکومت وائس ایڈمرل آر ہری کمار کو 30 نومبر کی دوپہر سے بحریہ کا اگلا سربراہ مقرر کرے گی۔ جو اس وقت فلیگ آفیسر کمانڈنگ ان چیف ویسٹرن نیول کمانڈ ہیں۔ کمار نے انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف ہیڈ کوارٹر کے حصے کے طور پر تھیٹر کمانڈ ڈھانچے کی بنیادی تنصیب میں اہم کردار ادا کیا ہے۔12 اپریل 1962 کو پیدا ہوئے کمار کی یکم جنوری 1983 کو ہندوستانی بحریہ میں بھرتی ہوئی۔
تقریباً 39 سال پر محیط اپنی خدمات میں کمار نے مختلف کمانڈ، اسٹاف اور تدریسی تقرریوں میں خدمات انجام دیں۔ کمار سابق میں آئی این ایس نشانک، میزائل کارویٹ، آئی این ایس کورا اور گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر آئی این ایس رنویر بھی رہے۔ انہوں نے بحریہ کے طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس ویرات کی بھی کمانڈ کی۔وزارت دفاع کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کمار نے ویسٹرن فلیٹ کے فلیٹ آپریشنز آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ FOC-in-C ویسٹرن نیول کمانڈ کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے وہ چیفس آف اسٹاف کمیٹی میں چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف کے چیئرمین تھے۔ انہوں نے یو ایس نیول وار کالج، آرمی وار کالج، مہو اور برطانیہ میں رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز میں کورسز کیے ہیں۔کمار کو اتی وششٹ سیوا میڈل (اے وی ایس ایم) اور وششٹ سیوا میڈل (وی ایس ایم) سے نوازا گیا ہے۔ وہیں حال ہی میں 23 نومبر کو انہیں صدر رام ناتھ کووند نے پرم وششٹ سیوا میڈل (PVSM) سے بھی نوازا۔