نئی دہلی: (اے یو ایس ) افغانستان میں طالبان کے قبضے کے بعد بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حکومت ہند اپنے شہریوں کی محفوظ واپسی میں مصروف ہے۔ افغانستان میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کے ساتھ ساتھ افغان شہریوں بشمول سکھوں اور ہندوؤں کو خصوصی طیاروں کے ذریعے ملک واپس لے آیا گیا۔
کابل سے بحفاظت نکالے گئے ہندوستانیوں کو لانے والی تین پروازیں اتوار کے روز دہلی پہنچ گئیں۔
ہندوستانیوں کو مختلف طیاروں کے ذریعے کابل سے نکالا گیا۔ یہ طیارے پہلے دوشنبے اور دوحہ پہنچے اور
پھر دہلی پہنچے۔دہلی کے آئی جی آئی ہوائی اڈے پر 3 پروازیں کابل سے آئی ہیں۔ یہ پروازیں دوحہ ، تاجکستان کے راستے ہندوستان آئی ہیں۔ ایک پرواز وسٹارا کی ، دوسری ایئر انڈیا کی اور تیسری انڈگو کی ہے۔ تمام پروازیں صبح 4:30سے 6 بجے کے درمیان پہنچی ہیں ، 250 ہندوستانی انڈگو اور ایئر انڈیا کی پروازوں کے ذریعے آئے ہیں۔ کابل سے ہندوستان آنے والے تمام مسافروں کے لیے پی سی آر ۔
آر ٹی ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اس کے بعد ہی ہر کوئی ہوائی اڈے سے باہر آ سکے گا۔اسی دوران ہندوستانی فضائیہ کی تیسری خصوصی پرواز بھی پہنچ گئی جس میں 168 مسافر ہیں جن میں 107 ہندوستانی بھی شامل ہیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ایک کے بعد ایک ٹویٹ کرکے کابل سے نکالے گئے ہندوستانیوں کے بارے میں معلومات دی۔ اس نے ایک ویڈیو کلپ بھی پوسٹ کیا ہے جس میں کابل سے بحفاظت نکالے گئے لوگ بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔