کابل:(اے یو ایس) ہندوستان اور افغانستان نے پاکستان کے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان دہشت گرد گروہوں کو تربیت دیے رہا ہے جس کے لیے افغان سرزمین استعمال کی جا رہی ہے۔
ہندوستان کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان انوراگ سری واستو نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ہندوستان پر دہشت گردی کے ناقابلِ تردید ثبوت من گھڑت ہیں اور اس طرح کے الزامات کی کوئی حقیقت نہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان کو کہیں گے کہ وہ سرحد کے آر پار دہشت گردوں کی حمایت بند کرے، ہندوستان پر الزام تراشی سے وہ اپنے بے بنیاد بیانیے کو تقویت نہیں بخش سکتا۔
یاد رہے کہ پاکستان فوج کے ترجمان نے ہفتے کو پریس کانفرنس کے دوران الزام عائد کیا تھا بلوچستان میں چین پاکستان اقتصادی راہ داری کو نقصان پہنچانے کے لیے ہندوستان نے خصوصی ملیشیا بنائی ہے۔ بلوچ علیحدگی پسند ڈاکٹر اللہ نذر کے ‘را’ کے ساتھ رابطوں کی آڈیو بھی موجود ہے۔
پاکستان نے ہفتے کو الزام عائد کیا تھا کہ ہندوستان افغانستان میں دہشت گردوں کے 66 ٹریننگ کیمپوں میں انہیں تربیت دے رہا ہے تاکہ پاکستان کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستان دہشت گردوں کو فنڈنگ، تربیت اور اسلحہ فراہم کر رہا ہے جس کے ‘ناقابلِ تردید ثبوت’ موجود ہیں۔