کابل: اسلامی امارات افغانستان کی وزارت داخلہ نے افغانستان کے حوالے سے امریکہ کے سابق قومی سلامتی مشیر برائے ڈونالڈ ٹرمپ جان بولٹن کے بیان کے جواب میں کہا کہ سرزمین افغانستا ن کو دنیا کے کسی ملک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا۔وزارت داخلہ کے ترجمان سعید خوستی نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو نے دی جائے گی اور نہ ہی وہ کسی ملک کے لیے خطرہ ہے ۔
امارت اسلامیہ اپنے وعدوں پر قائم ہے اور دوسرے ممالک کو افغانستان کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے ۔ واضح ہو کہ امریکہ کی ایک ڈیجیٹل میڈیا کمپنی ’دی ہل“ میں شائع ایک بیان میں بولٹن نے کہا تھا کہ افغانستان سے امریکی فوجی واپسی کے نتائج ابھی ختم نہیں ہوئے ہیں اور عالمی دہشت گردی کی جانب ہماری توجہ برقرار رہے گی۔
جان بولٹن نے یہ بھی کہا تھا کہ صدر جو بائیڈن کو افغانستان چھوڑنے کے اپنے فیصلہ
کی وضاحت کرنی ہوگی اور بتانا پڑ ے گا کہ کیوں امریکہ ایک بار پھر دہشت گردی کے سامنے کمزور پڑگیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھاہم نے افغانستان کو چھوڑ دیا ہے ، لیکن اس نے ہمیں نہیں چھوڑا اور دہشت گردوں نے بھی ہمیں نہیں چھوڑا۔ بولٹن نے مزید کہا کہ جوبائیڈن افغانستان میں نہ ختم ہونے والی جنگوں میں سے ایک کے خاتمے کی وجہ سے آئندہ ہونے والے امریکی انتخابات میں جیت حاصل نہیں کر پائیں گے۔