Afghanistan Stampede Over Pakistan Visas Leaves 15 killedتصویر سوشل میڈیا

کابل:( اے یوایس) افغانستان کے مشرقی ننگرہار صوبہ کے شہر جلال آباد میں پاکستان کے قونصل خانے کے قریب ویزا کے حصول کے لیے جمع ہونے والے مجمع میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

برطانوی خبررساں ادارے ‘رائیٹرز’ کے مطابق افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے قونصل خانے کے قریب ایک کھلے میدان میں لگ بھگ تین ہزار افراد ویزا کے حصول کے لیے ٹوکن کے انتظار میں تھے۔حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے 15 افراد میں 11 خواتین شامل ہیں جب کہ واقعے کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

صوبائی کونسل ممبر سہراب قادری کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بزرگ شہریوں کی بڑی تعداد شامل ہے جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔جلال آباد کے حکام کے مطابق قونصل خانے کے باہر موجود شہری ٹوکن کے حصول کے لیے موجود تھے اور ہجوم اچانک قابو سے باہر ہو گیا جس کی وجہ سے وہاں بھگدڑ مچ گئی۔

پاکستان کے کابل میں سفارت خانے کی جانب سے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ افغان شہریوں کے لیے کابل میں پاکستانی سفارت خانے جب کہ جلال آباد، قندھار، مزار شریف اور ہرات میں قائم پاکستانی قونصل خانے ویزوں کا اجرا جاری رکھیں گے۔

سانحہ سے قبل ننگر ہار صوبہ کے گورنر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ویزے دیے جانے کا عمل پرسکون طریقہ سے جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *