اسلام آباد(اے یو ایس )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی ترجمان و سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کہتے ہیں کہ عدالتی نااہلی کے باوجود عمران خان ہی پارٹی کی قیادت کریں گے اور جب تک وہ جیل میں ہیں ان کے بنائے ہوئے طریقہ کارکے تحت ہی پارٹی امور اور فیصلہ سازی کی جائے گی۔ایک ا نٹرویو میں رؤف حسن کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے عدالت سے ماورا کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ان کے بقول عمران خان کی واضح ہدایات ہیں کہ ہم عدالتوں سے ہی معاملات کا حل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جہاں بھی ہوں گے وہی پارٹی کی قیادت کریں گے اور انہوں نے ہی پارٹی کی رہنمائی کرنی ہے۔سابق وزیرِاعظم عمران خان کو پانچ اگست کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد انہیں لاہور سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کر دیا گیاتھا۔
ترجمان تحریک انصاف کے مطابق پارٹی امور اور انتخابات سے متعلق عمران خان کی ہدایات موجود ہیں اور جہاں ضرورت محسوس ہوئی وہاں اضافی ہدایات بھی لی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ پارٹی امور اور فیصلہ سازی کے لیے عمران خان نے دو کمیٹیاں بنائی ہیں جن میں سے ایک کور کمیٹی ہے جب کہ دوسری کمیٹی کا ذکر وہ نہیں کرسکتے۔رؤف حسن نے کہا کہ پارٹی کی سمت کیا ہے۔ اسے کیا کرنا ہے کیا نہیں۔ کس طریقے سے کرنا ہے کس طریقے سے نہیں کرنا۔ یہ سب فیصلے کور کمیٹی کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے جس کے سیاسی اہداف ہیں۔ ان اہداف کو آئین میں رہتے ہوئے سیاسی طرز سے ہی حاصل کرنے کی کوشش کرنی ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے بقول”عمران خان کی نااہلی کینگرو عدالت کا فیصلہ ہے جسے وہ ہائی کورٹ میں چیلنج کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ نااہلی کا یہ فیصلہ فوری طور پر معطل اور کالعدم ہو جائے گا۔”انتخابات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا کہ پی ٹی آئی کے پاس امیدوار نہیں درست نہیں ہے۔ پی ٹی آئی صوبائی اور قومی اسمبلی کے ہر حلقے میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے 297 حلقوں پر پی ٹی آئی امیدواروں کو انتخابی ٹکٹ جاری کیے تھے جس میں سے صرف 42 افراد نے ٹکٹ واپس کیے ہیں۔ دیگر تمام حلقوں میں ان کے پہلے سے منتخب امیدوار موجود ہیں۔