طرابلس:(اے یو ایس)لیبیا میں وفاق حکومت نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اپنی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت ان معلومات کے موصول ہونے کے بعد سامنے آئی ہے جن میں بتایا گیا ہے کہ لیبیا کی فوج کی جانب سے لیبیا کے مغرب میں واقع متعدد شہروں پر حملے کا امکان ہے۔
جمعہ کو علی الصباح جاری بیان میں وفاق حکومت نے کہا کہ “ہماری بہادر اور دلیر فورسز نے وزیر دفاع کرنل صلاح الدین النمروش کی ہدایات پر استعداد اور انتظامات شروع کر دیے ہیں اور وہ انتہائی درجے تک محتاط اور چوکنا ہو گئی ہیں تا کہ کسی بھی ممکنہ حملے کو پسپا کیا جا سکے”۔
کرنل صلاح الدین النمروش نے جو کچھ عرصہ پہلے ترکی کے دورے سے واپس لوٹے ہیں ،،، جمعرات کے روز فوجی علاقوں کے کمانڈروں اور مغربی زون میں مشترکہ آپریشنز روم کو ایک فوری پیغام بھیجا تھا۔ پیغام میں کہا گیا کہ عسکری انٹیلی جنس کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق لیبیا کی فوج بنی ولید، ترہونہ اور غریان کے شہروں پر ممکنہ طور پر حملہ کر سکتی ہے۔
ادھر لیبیا کے بحران کے پر امن سیاسی حل کی تلاش کے سلسلے میں بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر نقل و حرکت میں تیزی آ گئی ہے۔ اس دوران تنازع کے دونوں فریقوں کو مستقل فائر بندی اور مذاکرات پر راضی کرنے کے لیے دباو¿ ڈالا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ 21 اگست سے لیبیا میں تمام متنازع علاقوں میں لڑائی کے محاذوں پر خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ سکون کی یہ صورت حال ملک میں فائر بندی اور تمام عسکری کارروائیاں ختم کرنے کے حوالے سے وفاق حکومت کی صدارتی کونسل اور لیبیا کی پارلیمنٹ کے درمیان اتفاق رائے کے بعد سامنے آئی ہے۔