نئی دہلی: گرفتار، اندھا قانون،ہم ،جیسی فلموںمیں ایکساتھ کام کر چکے ساؤتھ انڈین سپر اسٹار رجنی کانت اور ہندی سنیما کے شہنشاہ اداکار امیتابھ بچن ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست ہیں ،مگر یہ بات شائد ہی کسی کو معلوم ہوگی کہ سیاست سے دوری اختیار کرنے والے امیتابھ بچن نے رجنی کانت کو سیاست میں نہیں آنے کی صلاح دی تھی۔
حال ہی میں اپنی عنقریب ہی سنیما گھروں میں پیش کی جانے والی فلم ’ دربار‘ کے ٹیلر لانچ کے موقع پر ایک سوال کے جواب میں رجنی کانت نے کہا کہ امیتابھ بچن نہ صرف میرے بہت اچھے دوست ہیں بلکہ وہ میرے محسن اور اتالیق بھی ہیں جن سے مجھے بہت کچھ حاصل ہوا ہے۔ یہ معلوم کیے جانے پر کہ امیتابھ بچن نے اگر کبھی کوئی مشورے دیے تو وہ کیاتھے۔
اس پر جواب دیتے ہوئے رجنی کانت نے مسکراتے ہوئے کہا’ امیتابھ نے مجھے ایسی تین چیزیں کہیں ، جس پر وہ خود بھی عمل کرتے ہیں انہوں نے پہلا مشورہ یہ دیا تھا کہ باقاعدگی سے کسرت کیا کروں، دوسری بات جو انہوں نے مجھے بتائی وہ تھی کہ ہمیشہ مصروف رہا کروںلوگ کچھ بھی کہیں اس کی فکر مت کیا کرو، اور ان کام تیسرا مشورہ یہ تھا کہ کبھی بھی سیاست میں نہ آنا۔ میں نے ان کے دو مشوروں پر تو عمل کیا لیکن حالات نے مجھے تیسرے پر عمل آوری نہ کرنے دی ۔
اس استفسار پر کہ کیا کسی فلم میں وہ کوئی خاص طرح کا کردار نبھانے کی خواہش رکھتے ہیں ؟ اس پر رجنی کانت نے کہا کہ وہ ایک ٹرانسجنڈر (مخنث)کا رول کرنا چاہیں گے۔ رجنی کانت نے یہ بھی صاف کیا کہ ابھی تک انہیں کسی نے اس طرح کے رول کی پیش کش نہیں کی ہے، مگر انہیں اس طرح کے کردار کا بے صبری سے انتظار ہے۔
رجنی کانت نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ انہیں’ سپر اسٹار کے نام سے مخاطب کرتے ہیں ،اس پر ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ’ 80کی دہائی میں پہلی بار انہوںنے فلمی پردے پر ان کے نام کے آگے ’ سپر اسٹار‘ لکھا دیکھا تھا ،تو میں حیران ہو گیا ، میں یہ دیکھ کر فوراً فلم کے پروڈیوسر کو فون کیا اور ان سے پوچھا کہ آخر وہ بنا پوچھے میرے نام کے آگے ’ سپر اسٹار‘ کیسے لگا سکتے ہیں؟ اس وقت میں بہت شرمندہ ہوا تھا، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن میں سپر اسٹار کہلاؤں گا ، میں آج بھی ایسا ہی محسوس کرتا ہوں ، مجھے نہیں معلوم کہ لوگ مجھے سپر اسٹار کیوں بلاتے ہیں۔ فلم دربار ملک بھر میں ہندی ، تمل اور تلگو میں 10 جنوری 2020کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی ۔