Amitabh Bachchan help stranded muslim migrants in Mumbaiتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی:کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کے دوران ممبئی میں پھنسے رہ جانے والے مسلم مزدوروں اور کاری گروں کو سپر اسٹار امیتابھ بچن نے اپنے خرچ پر ان کے گھروں تک پہنچانے کا کام کیا ہے۔بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن نے اپنے آبائی شہر الہ آباد سے تعلق رکھنے والے مسلم خواتین اور مردوں کو چارٹرڈ پلین کے ذریعہ ممبئی سے براہ راست الہ آباد پہنچا دیا ہے۔

امیتابھ بچن نے یہ کام ماہیم درگاہ کمیٹی اور حاجی علی درگاہ ٹرسٹ کے تعاون سے انجام دیا ہے۔امیتابھ بچن کے ذاتی خرچ پر 180 مزدوروں اور کاری گروں کو لے کر خصوصی طیارہ الہ آباد کے بمرولی ایئر پورٹ پرا ترا۔ ان میں پردہ نشین خواتین کے علاوہ بچے اور بزرگ بھی شامل تھے۔ الہ آباد پہنچنے والے تقریباً تمام مسافر وں نے پہلی بار ہوائی جہازکا سفر طے کیا تھا۔

طویل لاک ڈاؤن کے بعد اپنے شہر پہنچنے پر مسافروں نے مسرت کا اظہار کیا۔ ممبئی میں پھنسے الہ آباد کے مسلمانوں کو گھر تک پہنچانے والے چارٹرڈ پلین کا کرایہ خود امیتابھ بچن نے اسپانسر کیا تھا۔ بمرولی ایئر پورٹ پر پہنچنے پر سبھی مسافروں نے امیتابھ بچن کا شکریہ ادا کیا۔ خاص طورسے خو اتین نے ان کی اس مدد کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے امیتابھ بچن کا شکریہ ادا کیا۔طیارے سے الہ آباد پہنچنے والی انجم بانو کا کہنا تھا کہ ممبئی سے الہ آباد تک پہنچانے میں امیتابھ بچن نے بہت بڑی مدد کی ہے۔

انجم کا کہنا تھا کہ ہوائی جہاز کے ذرریعے مفت میں الہ آباد تک پہنچنے کے بارے میں انہوں نے کبھی سوچا تک نہیں تھا۔ ہوائی سفر کرنے والی نغمہ پروین کا کہنا تھا کہ امیتابھ بچن نے اپنے الہ آبادی ہونے کا حق ادا کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ امیتابھ بچن کو جیسے ہی پتہ چلا کہ الہ آباد سے تعلق رکھنے والی مسلم خواتین اور بچے ممبئی میں پھنسے ہوئے ہیں، انہوں نے اپنے خرچ پر ہم لوگوں کو گھر تک پہنچانے کا انتظام کیا۔واضح رہے کہ الہ آباد سپر اسٹار امیتابھ بچن کا آبائی شہر ہے۔ اسی شہر میں امیتابھ بچن اور ان کے بھائی اجیتابھ بچن کی پیدائش ہوئی تھی۔ امیتابھ بچن کے والد ڈاکٹر ہری ونش رائے بچن الہ آباد یونیورسٹی کے شعبہ انگریز میں استاد تھے۔ ہری ونش رائے بچن کا شمار ہندی کے بڑے شاعروں میں ہوتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *