نئی دہلی: امریکہ کی نامور اداکارہ اینابیلا شیورہ نے ہالی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کے خلاف زیر سماعت مقدمے میں بیان دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پروڈیوسر نے 25 سال قبل ان کے گھر میں ان کا ریپ کیا۔برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اینابیلا شیورہ نے عدالت کے سامنے ہاروی وائنسٹن پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ زبردستی ان کے فلیٹ میں گھس گئے تھے اور انہوں نے ان پر حملہ بھی کیا۔

اداکارہ کے مطابق ‘میں کوشش کر رہی تھی کہ کسی طرح خود کو ہاروی سے دور کروں، میں نے ایسا کرنے کے لیے انہیں مکے اور لاتیں بھی ماریں ۔اپنے ساتھ ہوئے ناخوشگوار واقعے کو یاد کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ 1993سے 1994 کے دوران میری ملاقات ہولی وڈ پروڈیوسر سے ہوئی، ہم ملتے اور ساتھ رات کا کھانا بھی کھاتے تھے، ایک رات ہاروی وائنسٹن نے مجھے میرے فلیٹ تک لفٹ دینے کی پیشکش کی جسے میں نے قبول کرلیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ جیسے ہی میں اپنے گھر میں داخل ہوئی تو تھوڑی دیر میں ہی محسوس ہوا کہ دروازے پر کوئی ہے، جب دروازہ کھولا تو سامنے ہاروی وائنسٹن کھڑے تھے جنہوں نے مجھے دھکا دیا، زبردستی کمرے میں لے کرگئے اور بعدازاں مجھ سے جنسی زیادتی کی ۔

اینابیلا شیورہ کے مطابق وہ اس دوران خود کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتی رہیں لیکن ناکام رہی ۔اداکارہ نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ میں نے بہت کوشش کی کہ خود کو بچالوں تاہم میں ہاروی وائنسٹن کے آگے کافی کمزور تھی ۔اینابیلا شیورہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اس وقت اس حد تک خوفزدہ ہوچکی تھیں کہ ان کا پورا جسم کانپ رہا تھا اور وہ بہت زیادہ تکلیف میں مبتلا تھیں۔اداکارہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جس دن انہیں ریپ کا نشانہ بنایا گیا اس کے چند روز بعد ہی ان کا پروڈیوسر سے دوبارہ سامنا ہوا اور اس وقت ہاروی وائنسٹن کا کہنا تھا کہ یہ راز صرف میرے اور ان کے درمیان ہی رہے گا۔

اینابیلا شیورہ کے مطابق اس واقعے کے بعد سے ہاروی وائنسٹن انہیں جنسی طور پر ہراساں کرتے رہے، 1997 میں کانز فیسٹیول کے دوران بھی ہاروی وائنسٹن نے ہوٹل میں ان کے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم وہ اتنی خوفزدہ تھیں کہ کمرے سے باہر ہی نہیں نکلیں۔دوسری جانب 67 سالہ ہاروی وائنسٹن نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا۔سماعت کے دوران پرازیکیوٹر نے اداکارہ سے سوال کیا کہ انہوں نے اس وقت پولیس کو یہ سب کیوں نہیں بتایا جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بےحد خوفزدہ تھیں۔

اداکارہ کے مطابق میں ہاروی وائنسٹن کو جانتی تھی، اس وقت مجھے نہیں معلوم تھا کہ اگر کسی کا ریپ ہوجائے تو اسے کھل کر بات کرنی چاہیے، میں یہی سمجھتی تھی کہ ریپ ہونے کی صورت میں خاموش رہنا واحد حل ہے’۔اینابیلا شیورہ نے کہا کہہ اس واقعے نے انہیں اس حد تک صدمہ پہنچایا ہے کہ وہ شراب نوشی کی عادی ہوگئیں جبکہ خود کو نقصان پہنچانا بھی شروع کردیا۔

خیال رہے کہ نیویارک کی عدالت میں ہاروی وائنسٹن کے خلاف 6 جنوری 2020 سے 2 خواتین کے ’ریپ‘ سے متعلق اہم کیس زیرسماعت ہے اور اگر ان پر دونوں الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو انہیں 28 سال قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔مذکورہ پروڈیوسر پر الزام تھا کہ انہوں نے 2006 میں ایک خاتون کے ساتھ زبردستی جنسی تعلق قائم کرنے کی کوشش کی جبکہ 2013 میں نیویارک کے ایک ہوٹل میں خاتون کا ریپ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *