ویلنگٹن : زبردست نشیب و فراز والے سنسنی خیز میچ میں اسکور ٹائی ہوجانے کے باعث سوپر اوور میں ہندوستان نے لوکیش راہل کے ایک چھکے اور ایک ہی چوکے کی مدد سے مطلوبہ14رنز بنا کر چوتھا ٹی ٹونٹی میچ بھی جیت لیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان سریز میں4-0سے آگے ہوکر اب وائٹ واش کی جانب بڑھ چکا ہے۔
اس سے پہلے مقررہ20اووروں میں166رنزکے تعاقب میں نیوزی لینڈ 22مجموعی اسکور پر ہی جارح بلے باز مارٹن گپتل کی وکٹ سے محروم ہو گیا لیکن کولن منرو اور وکٹ کیپر سیفرٹ نے دوسرے وکٹ کے لیے 74رنز کی پارٹنر شپ کر کے نہ صرف اپنی ٹیم کو پریشانیوں سے نکالا بلکہ سریز میں پہلی بار میزبان کو جیت کی خوشبو سونگھائی۔96مجموعے پر منرو 47گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے64رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ابھی اسکور میں ایک رن کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ گگلی بولر یجوندر چاہل نے کپتان ولیمسن کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے بروس کو کلین بولڈ کر دیا۔ وہ 3گیندیں کھیل کر بھی کوئی رن نہ بنا سکے۔
لیکن سیفرٹ کو اپنے سے کہیں زیادہ سینیر اورتجربہ کار بلے بازروز ٹیلر کا ساتھ مل گیا اور ان دونوں نے محتاط مگر منصوبہ کے عین مطابق کھیلتے ہوئے ہدف کی جانب پیش رفت جاری رکھی ۔ لیکن جب ٹیم منزل سے چند قدم دور تھی شردل ٹھاکر نے ٹیلرکوان کے نجی اسکور24پر ڈیپ مڈ وکٹ پر ایر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ ان دونوں نے چو تھے وکٹ کے لیے 62رنز کی پارٹنر شپ کی۔اگلی ہی گیند پر مشل نے چوکا لگا کر ٹیم کو ہدف سے کچھ اور قریب کر دیا۔لیکن تیسری گیند پر جب نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے تین رنز کی ضرورت تھی سیفرٹ کو راہل نے رن آؤٹ کر کے اسٹیڈیم میں سناٹا طاری کر دیا کیونکہ سیفرٹ ہی آخری امید تھے۔ پانچویں گیند پر مشل کو بھی شردل نے دوبے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
آخری گیند پر جب جیت کے لیے دو رن کی ضرورت تھی سینٹنر جیت کا رن دوڑنے کی کوشش میں سیمسن راہل کے اشتراک سے رن آؤٹ ہو گئے ۔ اور سریز میں لگاتار دوسرا میچ سوپر اوور تک چلا گیا۔ہندوستان کی طرف سے شردل نے دو اور بومرہ ور چاہل نے ایک ایک وکٹ لی جبکہ تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل میزبان کپتان کی جانب سے پہلے بیٹنگ کرنے کے لیے مدعو کیے جانے پر ہندوستان مقررہ20اووروں میں 165رنز بنائے۔ اگرچہ ایک موقع پر جب محض88رنز پر ہندوستان کے چھ چوٹی کے بلے باز آؤٹ ہو گئے تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ہندوستان شاید 100رنز بھی نہیں بنا سکے گا۔
لیکن منیش پانڈے نے جارحانہ انداز سے بلے بازی کرتے ہوئے 36گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے 50اور شردل ٹھاکر کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 43رنز اور پھر نودیپ سینی کے ساتھ 9ویں وکٹ کی غیر مفتوح رفاقت میں22رنز بنا کر 165جیسا قابل دفاع اسکور بنانے میں زبردست کردار ادا کیا۔ ہندوستانی اننگز کے دوسرے ہی اوور میں ہندوستان کو اس وقت جھٹکا لگا جب وہ روہت شرما کی عدم دستیابی کے باعث ٹیم میں شامل کیے جانے والے افتتاحی بلے باز سنجو سیمسن کی وکٹ سے محروم ہوگیا ۔
وہ ایک چھکے کی مدد سے پانچ بالوں پر محض8رنز ہی بنا سکے۔ ابھی ہندوستان اس جھٹکے سے سنبھلا بھی نہیں تھا کہ اسے پے درپے جھٹکے لگنا شروع ہو گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے مقررہ اووروں کے نصف میں ہی نصف ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ کپتان وراٹ کوہلی نے 9گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے11،شریاس ایر نے سات گیندوں پر ایک، شیوم دوبے نے 9گیندوں پر 2چوکوں کے ساتھ12زردل ٹھاکر نے 15گیندوں پر 2چوکوں کی مدد سے20اور سینی نے 9بالوں پر دو چوکوں کی مدد سے11رنز بنائے ۔کیوی ٹیم کی جانب سے ایشا سوڈھی تین وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے جبکہ بینیٹ کو دو اورسینٹنر، کوگےلائن اور زخمی ولیمسن کی عدم دستیابی کے باعث ٹیم کی قیادت کرنے ولے ٹم ساؤدی کو ایک ایک وکٹ ملی۔