کابل: (اے یوایس) طالبان کے سخت ناقد شیر ہرات کے نام سے مشہور طالبان مخالف ملیشیا کے کمانڈر محمد اسماعیل خان کو طالبان نے رہا کر دیا ہے۔ طالبان نے محمد اسماعیل خاں کے طالبان خیمے میں شامل ہوجانے کی وجہ سے رہا کر دیا اور گھر جانے کی اجازت دے دی۔
واضح ہو کہ افغان پایہ تخت پر براجمان ہونے سے پہلے ہی جب ہرات پر طالبان نے قبضہ کیا تھا تو اس کے فوراً بعد اسماعیل خان نے ہتھیار ڈال کر طالبا ن کے ساتھ شامل ہونے کا اعلان کر دیا تھا حالانکہ اس سے پہلے اسماعیل خان نے طالبان کے خلاف آخر دم تک لڑنے کا عزم ظاہرکیا تھا جب رپورٹرز نے ان سے پوچھا اب آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں تو اسماعیل خان نے کہا وہ چاہتے ہیں کہ افغانستان میں امن قائم ہو جائے۔
واضح رہے کہ کابل تک پہنچنے سے پہلے طالبان نے جس صوبے کو بھی رخ کیا وہاں طالبان کی پیش قدمی کے سامنے افغان فورسز ریت کی دیوار ثابت ہوتی رہی۔ اور طالبان کی فتوحات کا سلسلہ تیزی سے جاری رہا یہاں تک کہ انہوں نے افغانستان پر اپنی حکومت قائم کر لی اور پورا افغانستان طالبان کے قبضے میں آگیا ۔
