ریاض:(اے یو ایس ) سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت والال عسکری اتحاد یمن میں پائیدار امن کے قیام کی سمت اقدامات کرنے میں لگا ہے۔اور وہ اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے ریاض میں اپنے دفتر میں جمہوریہ یمن کے وزیر اعظم ڈاکٹر معین عبدالملک سعید اور یمنی کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی۔اس موقعہ پر سعودی نائب وزیر دفاع نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا تہنیتی پیغام یمنی صدر عبد ربو منصور ہادی کو پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت برادر ملک یمن میں امن، سلامتی، خوش حالی اور ترقی کی خواہاں ہے۔
ملاقات کے دوران، نائب وزیر دفاع نے یمن میں سلامتی، امن اور استحکام کے قیام کے لیے مملکت کی قیادت میں قائم اتحاد کی کوششوں پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ عرب عسکری اتحاد کا مقصد یمنی عوام کو تحفظ فراہم کرنا اور یمن میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے یمن اور سعودی عرب کی سرحدوں پر جنگ بندی سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی کے اعلان کا خیر مقدم کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کو امید ہے کہ یہ جنگ بندی خلیج کی عرب ریاستوں کے لیے تعاون کونسل کے زیراہتمام منعقد ہونے والے یمن-یمن مشاورت کے ذریعے سیاسی تصفیہ تک پہنچنے کی سیاسی کوششوں میں معاون ثابت ہوگی۔اس موقعے پر یمنی وزیر اعظم اور کونسل کے اراکین نے مختلف حالات میں یمنی عوام کے لیے برادر مملکت سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی مسلسل حمایت، یمن میں قیام امن اور سلامتی کے حوالے سےریاض کی موثر کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمنی حکومت خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں مملکت اور عطیہ دہندگان کی حمایت پر اعتماد کرتی ہے۔
تصویر سوشل میڈیا 